ایران سے 70 پاکستانی شہری گوادر اور تفتان پہنچ گئے
واپس آنے والوں میں پانچ طلبہ سمیت بزنس مین اور سیاح شامل ہیں، ڈپٹی کمشنر گوادر
فائل فوٹو
تفتان: ایران میں اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ایران سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
اتوار کے روز ایران سے 70 سے زائد پاکستانی شہری بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر اور تفتان پہنچے۔ ان میں سے 51 افراد چاہ بہار کے راستے گوادر پہنچے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ یہ لوگ گبد ۔ریمدان سرحد عبور کرکے گوادر پہنچ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ واپس آنے والوں میں پانچ طلبہ سمیت بزنس مین اور سیاح شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر گوادر نے بتایا کہ وطن واپس پہنچنے والے افراد کو سرحد پر ایف آئی اے کی جانب سے 24 گھنٹے امیگریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران سے واپس آنے والے افراد کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رہائش، کھانے پینے اور سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے پانچ اضلاع کی سرحدیں ایران سے لگتی ہیں جن میں چاغی ، واشک، پنجگور، کیچ اور تربت شامل ہیں۔
پاکستان اور ایران کے درمیان ان ضلاع میں سے چاغی میں تفتان جبکہ گوادر میں گبد ریمدان پوائنٹ سے پاسپورٹ کے زریعے آمدورفت ہوتی ہے۔
تفتان میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایران کے شہر میر جاوہ کے راستے 19طالب علم ایران سے تفتان پہنچے۔ ان میں زاہدان میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا اور طالبات بھی شامل ہیں۔