وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی رمضان المبارک میں فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

صوبائی حکومت پولیس فورس کی ہر ممکن معاونت کرے گی ,محمد سہیل آفریدی

               
March 2, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (داخلہ) اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمے داری ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، عبادات اور مذہبی اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔

انھوں نے کہاکہ متعلقہ ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔

وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے۔ صوبائی حکومت پولیس فورس کی ہر ممکن معاونت کرے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

محمد سہیل آفریدی نے تمام متعلقہ اداروں کو ایک واضح حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت دی اور یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت امن کے قیام کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ دستیاب وسائل کا مؤثر اور بہترین استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ سیکیورٹی کے نظام کو مزید فعال بنایا جا سکے۔