ایران کے شہر بندر عباس میں 27 پاکستانی ملاح محصور، حکومت سے فوری مدد کی اپیل

مجتبیٰ علی کی ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جان بچانے کی دہائی

               
March 2, 2026 · قومی, ویڈیوز
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بندر عباس: ایران کے ساحلی شہر بندر عباس میں 27 پاکستانی ملاحوں کے محصور ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں حالات کی خرابی اور رابطے منقطع ہونے کے باعث ملاحوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے ملاح مجتبیٰ علی نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جان بچانے کی دہائی دی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بندر عباس کے علاقے میں شدید شیلنگ کے باعث پاکستانی ملاحوں کا جہاز آگے بڑھنے سے قاصر ہے اور وہ سمندر کے بیچوں بیچ پھنس کر رہ گئے ہیں۔

مجتبیٰ علی نے اپنے آخری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ حکام کی جانب سے عملے کو شیلٹر ہوم منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔منتقلی کے عمل کے دوران ہی علاقے میں انٹرنیٹ کی سروس معطل کر دی گئی۔

انٹرنیٹ بند ہونے کے باعث ملاحوں کا اپنے اہل خانہ اور متعلقہ حکام سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔

پاکستان میں موجود متاثرہ ملاحوں کے اہل خانہ شدید ذہنی کرب اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان، بالخصوص پاکستانی سفارتخانے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کرے۔ ملاحوں نے اپنے پیغام میں اپیل کی ہے کہ حکومتِ پاکستان ان کے محفوظ انخلا کے لیے ایرانی حکام سے رابطہ کرے۔