کراچی: امریکی قونصل خانے پر ہلاکتیں ، ایس ایس پی سمیت متعدد پولیس افسران معطل
حکومت نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
فائل فوٹو
کراچی : امریکی قونصل خانے پر احتجاج کے دوران پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور مظاہرین کی ہلاکتوں کے معاملے پر پولیس کی اعلیٰ قیادت نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی سمیت متعدد افسران کو عہدوں سے ہٹانے اور معطل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
حکام کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ایس ایس پی کیماڑی عہدے سے ہٹا کر معطلی کی سفارش کی گئی ہے ۔
ایس ڈی پی او کیماڑی کو معطل کر کے سی پی او (CPO) رپورٹ کرنے کی ہدایتِ جبکہ ڈاکس، سائیٹ بی، کے پی ٹی، اور جیکسن تھانہ کے ایس ایچ اوز معطل کو کر دیا گیا ہے۔انچارج فارن سیکورٹی سیل کو بھی معطل کر کے پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکومت نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ سندھ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سی ٹی ڈی، اور اے آئی جیز اسٹیبلشمنٹ و آپریشنز شامل ہیں، کمیٹی 7 روز کے اندر واقعے کے تمام حقائق پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ اتوار کی صبح ایران کی جانب سے سید علی خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ کراچی، اسلام آباد، اور گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔