کراچی قونصل خانے میں مشتعل مظاہرین پر فائرنگ امریکی اہلکاروں نے کی، برطانوی خبرایجنسی
گولیاں کسی کو لگیں یا نہیں، واضح نہیں ہے، حکام، سیکورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی، صوبائی ترجمان
کراچی میں اتوار یکم مارچ 2026 کو امریکی قونصل خانے کی تصویر جب مظاہرین واپس جا چکے تھے --- تصویر اختر نواز
برطانوی خبر رساں ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں امریکی قونصل خانے پر دھاوا بولنے والے مظاہرین پر امریکی میرینز نے فائرنگ کی
برطانوی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے پر گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے کے دوران امریکی میرینز نے پاکستانی مظاہرین پر فائرنگ کی۔ رپورٹ میں دو امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے قونصل خانے کی عمارت پر دھاوا بولنے کے بعد میرینز نے گولیاں چلائیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب اس واقعے میں امریکی میرینز کی براہِ راست فائرنگ کی تصدیق سامنے آئی ہے۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ میرینز کی جانب سے چلائی گئی گولیاں کسی کو لگیں یا ان کے نتیجے میں کوئی ہلاکت ہوئی۔
حکام نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ مشن کی حفاظت پر مامور دیگر افراد، جن میں نجی سکیورٹی گارڈز اور مقامی پولیس شامل تھے، کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی یا نہیں۔
واقعے کے دوران مظاہرین نے قونصل خانے کی بیرونی دیوار توڑ کر کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان سکھدیو اسرداس ہیمنانی نے بیان میں کہا کہ “سکیورٹی” اہلکاروں نے فائرنگ کی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار کس ادارے سے تعلق رکھتے تھے۔