9مئی کے 6 مقدمات میں عدم ثبوت پر عمرا ن خان کی ضمانت منظور

توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں کے تحریری فیصلے بھی جاری

               
March 3, 2026 · اہم خبریں, قومی

 

اسلام آباد سیشن عدالت عمران خان کی 6 مقدمات میں اڑھائی سال بعد ضمانت منظور ہوگئی۔عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہاگیاہے کہ9مئی احتجاج اور اقدام قتل سمیت مقدمات میں استغاثہ عمران خان کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا، احتجاج کے مقدمات میں عمران خان کی جائے وقوعہ پر موجودگی ثابت نہیں ہوتی، پراسکیوشن ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی جس سے ثابت ہو کہ احتجاج عمران خان کے ایماء پر ہوا۔

 

عدالت نے 50 ،50 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں منظور کرلیں۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار، سیکرٹریٹ، کراچی میں سمیت دیگر میں 6 مقدمات درج ہیں۔

 

توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کے تحریری فیصلے بھی جاری ہوگئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی جانب سے جاری فیصلوں میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے مقدمے میں پراسیکیوشن کوئی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی۔

 

عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ مبینہ رسیدیں سوشل میڈیا پر دیکھی گئیں، تاہم آج تک ان رسیدوں کا فرانزک معائنہ تک نہیں کرایا گیا۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جعلی رسیدیں، الیکشن کمیشن یا کیبنٹ ڈویژن میں جمع کروائیں، اس کا ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی اعلیٰ شخصیات کیخلاف الزام تراشی کے مقدمہ میں بھی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ پراسیکیوشن بانی پی ٹی آئی کی افواج پاکستان کیخلاف تقریر یا ثبوت عدالت پیش نہیں کر سکی۔