کوہستان کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت: دوسرا مرکزی ملزم بھی پلی بارگین کے بعد رہا
ملزم نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کرپشن کی گئی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرا دی۔
فائل فوٹو
پشاور: خیبر پختونخوا کے کثیر المدارتی کوہستان اسکینڈل میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ممتاز ڈمپر ڈرائیور کے بعد کیس کے دوسرے اہم ملزم، ٹھیکیدار سارن زیب نے بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ساتھ پلی بارگین کر لی ہے، جس کے بعد عدالت نے ان کی رہائی کے احکامات جاری کر دیے ۔
نیب کے تفتیشی آفیسر ایس پی عنایت اللہ خان کے مطابق ملزم سارن زیب پر کوہستان سکینڈل میں 3 کروڑ 80 لاکھ روپے کی خورد برد کا الزام تھا۔
ملزم نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کرپشن کی گئی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرا دی ہے۔
چیئرمین نیب نے ملزم کی جانب سے پیش کی گئی پلی بارگین کی درخواست کو باقاعدہ منظور کر لیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے کیس کی سماعت کی۔ نیب کے تفتیشی افسر ایس پی عنایت اللہ خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم نے لوٹی گئی رقم واپس کر دی ہے، لہٰذا استدعا ہے کہ قانون کے مطابق ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
عدالت نے نیب کی رپورٹ اور رقم کی واپسی کی تصدیق کے بعد ملزم سارن زیب کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اس اسکینڈل میں یہ دوسری بڑی کامیابی ہے، اس سے قبل ایک ڈمپر ڈرائیور بھی پلی بارگین کے ذریعے رقم جمع کروا کر رہا ہو چکا ہے۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری فنڈز میں خورد برد کرنے والے دیگر عناصر کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔