فضائی آلودگی ورزش کے فوائد کم کر سکتی ہے،تحقیق میں اہم انکشاف

ورزش کے دوران کیلوریز جلتی ہیں اور جسمانی سرگرمی بڑھتی ہے، لیکن آلودہ ہوا میں سانس لینے سے اس محنت کا مکمل فائدہ حاصل نہیں ہو پاتا۔

               
March 5, 2026 · کائنات کے رنگ

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ آلودہ فضا میں ورزش کرنے سے جسم کو حاصل ہونے والے فوائد نمایاں طور پر کم ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ ورزش کے دوران کیلوریز جلتی ہیں اور جسمانی سرگرمی بڑھتی ہے، لیکن آلودہ ہوا میں سانس لینے سے اس محنت کا مکمل فائدہ حاصل نہیں ہو پاتا۔

طبی جریدے بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق آلودہ ماحول میں کی گئی ورزش اس کے مثبت اثرات کو تقریباً 50 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جب انسان ورزش کے دوران زیادہ تیزی سے سانس لیتا ہے تو آلودہ ذرات بھی بڑی مقدار میں پھیپھڑوں میں داخل ہو جاتے ہیں، جس سے جسمانی صحت پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش کے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے صاف اور کھلی فضا کا انتخاب انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق پارکس، درختوں سے بھرپور علاقوں یا کم آلودگی والے مقامات پر ورزش کرنا صحت کے لیے زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ فضائی آلودگی نہ صرف سانس کے نظام بلکہ دل کی صحت پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، اس لیے شہری علاقوں میں رہنے والے افراد کو ورزش کے وقت اور مقام کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق صحت مند طرزِ زندگی کے لیے صرف باقاعدہ ورزش ہی کافی نہیں بلکہ صاف فضا میں سانس لینا بھی اتنا ہی اہم ہے۔