راولپنڈی:سٹی صدر روڈ پلازہ کے گودام میں خوفناک آگ، 11 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا
آگ پر قابو پانے کے لیے 13 ایمرجنسی گاڑیاں اور 50 سے زائد اہلکار آپریشن میں حصہ لیا اور فوم ملا پانی استعمال کر کے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔
راولپنڈی میں سٹی صدر روڈ پر واقع ایک پلازہ کے گودام میں لگنے والی خوفناک آگ پر طویل جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق چار منزلہ پلازہ کی بیسمنٹ میں موجود گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر فائٹرز نے مسلسل کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 11 گھنٹوں بعد آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بیسمنٹ میں مناسب داخلے کے راستے اور وینٹیلیشن کی کمی کے باعث آگ بجھانے کا عمل سست رہا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 13 ایمرجنسی گاڑیاں اور 50 سے زائد اہلکار آپریشن میں حصہ لیتے رہے اور فوم ملا پانی استعمال کر کے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں بڑی مقدار میں آتش گیر سامان موجود تھا کیونکہ اسے گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، جس کے باعث آگ بجھانے کا عمل مزید پیچیدہ ہو گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ موقع پر موجود رہے اور ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ آگ بجھانے کے عمل کے دوران واسا راولپنڈی کو بھی پانی کی فراہمی کے لیے طلب کیا گیا تاکہ فائر فائٹرز کے کام میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
ریسکیو ٹیموں نے بیسمنٹ کی چھت میں سوراخ کر کے سموک انجیکٹرز نصب کیے تاکہ دھواں باہر نکالا جا سکے، جبکہ انہی سوراخوں کے ذریعے بیسمنٹ کے اندر کولنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا۔