سیکیورٹی خدشات: پشاور ایم پی اے ہاسٹل میں وزیٹرز کے داخلے پر مکمل پابندی

ہاسٹل کی حدود میں صرف منتخب ارکانِ اسمبلی اور ان کا مجاز متعلقہ عملہ ہی داخل ہو سکے گا ، اعلامیہ جاری

               
March 5, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں سیکیورٹی کی حالیہ صورتحال اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر ایم پی اے ہاسٹل میں غیر متعلقہ افراد اور وزیٹرز کے داخلے پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے اسمبلی سیکریٹریٹ نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اسمبلی سیکرiٹریٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ ورکس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہاسٹل کی حدود میں صرف منتخب ارکانِ اسمبلی اور ان کا مجاز متعلقہ عملہ ہی داخل ہو سکے گا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ارکانِ اسمبلی کی غیر موجودگی میں ان کا کوئی بھی مہمان یا دیگر فرد ہاسٹل میں داخل نہیں ہو سکے گا۔

اسمبلی سیکریٹریٹ نے ہاسٹل کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ان احکامات پر بغیر کسی رعایت کے سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔