خامنہ ای کی شہادت کیخلاف احتجاج کی کال، اسلام آباد ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ
وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی،حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی،
فائل فوٹو
اسلام آباد: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف احتجاج کی کال پر اسلام آباد میں ریڈ زون کو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف احتجاج کی کال پر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ریڈ زون میں کنٹینرز منگوالیے گئے اور اہم راستے بند کرنے کی تیاری جاری ہے جبکہ ریڈ زون کو کل مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پارلیمنٹ، سفارتی انکلیو اور اہم سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریڈ زون اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔
حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی، داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی سخت کردی گئی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
ادھر جمعہ کے بعد نماز کے بعد G-6/2 امام بارگاہ سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ ریڈ زون، G-6، آبپارا، ڈی چوک کے آس پاس روڈ بلاک اور ٹریفک کی تبدیلی کی توقع ہے۔
G-6 امام بارگاہ کے قریب فضل حق روڈ پر کینٹینر رکھے جا رہے ہیں، مسافروں سے درخواست ہے کہ احتجاجی ریلی کے راستے سے گزرنے سے گریز کریں، ٹریفک کی تبدیلیوں کا خیال رکھیں اور احتیاط سے سفر کریں ۔