دانتوں میں کیوٹیز کے علاج کے لیے نئی پیش رفت سامنے آگئی

سائنس دانوں نے پروٹین سے تیار کیا گیا ایک نیا جیل متعارف کرایا ہے جو متاثرہ دانتوں کی مرمت میں مدد دے سکتا ہے۔

               
March 6, 2026 · کائنات کے رنگ

دانتوں میں ایک بار کیوٹیز ہو جائیں تو عموماً دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس جانا ضروری سمجھا جاتا ہے، تاہم اب سائنس دانوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے نئی امید پیدا کر دی ہے۔

برطانیہ کی University of Nottingham کے سائنس دانوں نے پروٹین سے تیار کیا گیا ایک نیا جیل متعارف کرایا ہے جو متاثرہ دانتوں کی مرمت میں مدد دے سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ جیل دانتوں کی بیرونی سطح یعنی اینامل کو بحال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے دانتوں پر لگانے سے دراڑیں، گڑھے اور چھوٹے خلا بھرنے میں مدد ملتی ہے جس سے دانت دوبارہ مضبوط اور صحت مند نظر آنے لگتے ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ جیل فلورائیڈ سے پاک ہے اور اس میں ایسے قدرتی پروٹین شامل ہیں جو بچپن میں دانتوں کے اینامل کی نشوونما میں کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق اس جیل کے استعمال سے تقریباً دو ہفتوں میں خراب اینامل کو دوبارہ مضبوط اور بہتر حالت میں لایا جا سکتا ہے۔ اسے ان جگہوں پر بھی لگایا جا سکتا ہے جہاں دانت کی اندرونی تہہ ظاہر ہو چکی ہو اور دانت حساس ہو گئے ہوں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ محفوظ سمجھا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ یہ علاج 2026 میں دستیاب ہو سکے گا۔