کراچی: دخترانِ ملت کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی، ایم اے جناح روڈ نعروں سے گونج اٹھا
یکم مارچ کے شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے اور ان کا مشن جاری رہے گا، مقررین
فائل فوٹو
کراچی: شہرِ قائد کی اہم شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر ‘دخترانِ ملت’ کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے استعماری قوتوں کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔
مظاہرین کا قافلہ مختلف راستوں سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ پر واقع امام بارگاہ علی رضا پہنچا، جہاں ریلی نے بڑے احتجاجی اجتماع کی شکل اختیار کر لی۔ ریلی میں نہ صرف خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی بلکہ معصوم بچے بھی اپنے والدین کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ریلی کے شرکا نے امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بانیِ انقلابِ اسلامی اور دیگر شہداء کی تصاویر نمایاں تھیں۔ فضا ”امریکا مردہ باد” اور ”اسرائیل مردہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔
مظاہرین نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر شہید علمائے کرام کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ وہ یکم مارچ کے شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے اور ان کا مشن جاری رہے گا۔
جماعت اسلامی شعبہ خواتین کراچی کی ناظمہ نے بھی ریلی میں شرکت کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں، خواتین وکلا اور سول سوسائٹی کے مختلف وفود نے بھی احتجاج میں بھرپور شمولیت اختیار کی، جو اس بات کی عکاسی ہے کہ مظلوموں کی حمایت میں پورا شہر متحد ہے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا یہ سمندر ثابت کرتا ہے کہ پاکستانی قوم بیدار ہے اور کسی بھی عالمی سازش یا جارحیت کے خلاف خاموش نہیں بیٹھے گی۔