میران شاہ، چیک پوسٹ کے قریب خود کش دھماکا ،14 افراد شدید زخمی
عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
فائل فوٹو
میران شاہ:خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بنوں روڈ پر واقع چشمہ سرہندی چیک پوسٹ کے قریب ایک دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے سے اڑائی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور میرانشاہ-بنوں روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم 14 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔جن میں 2 بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال میرانشاہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف اقبال کے مطابق، زیادہ تر زخمی جھلسنے (burns) کے باعث ہسپتال لائے گئے ہیں۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔