اسلام آباد میں پٹرول کی قلت کی افواہیں: پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں، انتظامیہ متحرک

پٹرول پمپس پر 'نو اسٹاک' کے بورڈز لگ گئے، ضلعی انتظامیہ کا کنٹرول روم قائم، شکایات کے لیے نمبر جاری

               
March 6, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں پٹرول کی ممکنہ قلت کی افواہوں کے بعد پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور بعض مقامات پر مصنوعی قلت کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کہ جانب سے صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر کنٹرول روم قائم کر تے ہوئے پٹرول فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف شکایات کے لیے نمبر جاری کر دیا۔

سو شل میڈیا پر پٹرول کی قلت کی خبروں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں واقع پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ شہری بڑی تعداد میں اپنی گاڑیوں میں پٹرول بھرانے کے لیے پہنچ گئے، جس کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

بعض پٹرول پمپس پر چند ہی گھنٹوں میں پٹرول ختم ہوگیا جس کے بعد وہاں پمپ مالکان کی جانب سے نو اسٹاک کے بورڈز آویزاں کر دیے گئے۔جبکہ کچھ پمپس مالکان نے دستیاب پٹرول کو محدود رکھنے کے لیے فی گاڑی پٹرول کی مقدار بھی مقرر کر دی، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو پٹرول فراہم کیا جا سکے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قلت کی خبروں کے بعد وہ احتیاطاً اپنی گاڑیوں کے ٹینک فل کروانے کے لیے پمپس کا رخ کر رہے ہیں۔ بعض شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال سے متعلق واضح مؤقف اختیار کیا جائے تاکہ افواہوں کا خاتمہ ہو اور لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی کم ہو سکے۔

دوسری جانب متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر ضروری طور پر پٹرول ذخیرہ کرنے سے گریز کریں۔ایسی افواہوں کے باعث وقتی طور پر پیٹرول پمپس پر دباؤ بڑھ جاتا ہے جس سے سپلائی کا نظام متاثر ہو سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرناچاہیے۔

دوسری ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شہریوں کے لیے ایک اہم اعلان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی پیٹرول پمپ کی جانب سے شہریوں کو پیٹرول یا ڈیزل فراہم کرنے سے انکار کیا جائے تو فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔ شہری ایسے کسی بھی واقعے کی صورت میں ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے کنٹرول روم نمبر 051-9108084 پر رابطہ کریں۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول پمپس کی جانب سے شہریوں کو پیٹرول یا ڈیزل کی فراہمی سے انکار کرنا قابل قبول نہیں ہوگا، اور شکایت موصول ہونے پر متعلقہ پمپ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔