مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک حادثہ،7 افراد جاں بحق، 8 زخمی
پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا
مکران کوسٹل ہائی وے پر دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں بچے سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ بلوچستان کے ساحلی علاقے میں مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب منیجی کے مقام پر پیش آیا جہاں دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
ایس پی کوسٹل ہائی وے کے مطابق حادثہ سڑک پر خراب باؤزر کھڑا ہونے کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کا توازن بگڑ گیا اور شدید تصادم ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔