پیٹرول ڈیزل مہنگا ہونے سے کرایوں میں 600 روپے تک اضافہ، نیا کرایہ کیا ہوگا
لاہور اسلام آبادکا سفر 3 ہزار، لاہور کراچی کا ساڑھے 5 ہزار سے زائد میں پڑیگا
لاہور سے کراچی کا کرایہ 5800سے بڑھ کر 6100روپے ہو گیا، فائل فوٹو
لاہور اسلام آباد کا سفر 3 ہزار اور لاہور کراچی کا ساڑھے 5 ہزار سے زائد میں پڑے گا
*پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا، مختلف شہروں کے درمیان سفر 300 سے 600 روپے تک مہنگا ہو گیا۔*
ٹرانسپورٹرز کے مطابق نئے کرایوں کے تحت لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 2600 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے پشاور کا کرایہ 2890 سے بڑھا کر 3500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1300 سے بڑھا کر 1550 روپے اور لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1200 سے بڑھا کر 1350 روپے کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ 8000 روپے سے بڑھا کر 8600 روپے کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں لاہور سے حیدرآباد کا کرایہ 8650 سے بڑھا کر 9200 روپے، لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 4000 سے بڑھا کر 4250 روپے جبکہ لاہور سے مری کا کرایہ 2790 روپے سے بڑھا کر 3300 روپے کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے لاری اڈے پر موجود مسافروں نے کرایوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے لیے خوشی یا غمی کے موقع پر دوسرے شہر جانا بھی اب ایک امتحان بن گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ گاڑیوں کے سپیئر پارٹس بھی مہنگے ہو چکے ہیں، اس لیے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے تو گاڑیاں چلانا ممکن نہیں رہے گا۔
دوسری جانب شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، بصورت دیگر مہنگائی میں مزید اضافہ عوام کے لیے مشکلات بڑھا دے گا۔