کراچی،گلستانِ جوہر میں قائم نجی بینک میں آگ بھڑک اٹھی
واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں قائم ایک نجی بینک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ایک فائر ٹینڈر فوری طور پر موقع پر روانہ کر دیا گیا تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب محکمہ فائر بریگیڈ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے مہینے کے دوران شہر میں آگ لگنے کے مجموعی طور پر 225 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں 2 بچوں اور 8 خواتین سمیت مجموعی طور پر 83 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک بچے سمیت 24 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات کی شرح نمایاں رہی۔ ضلع وسطی میں سب سے زیادہ 30 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ صدر کے علاقے میں 18 واقعات پیش آئے۔ اسی طرح سہراب گوٹھ اور گلستان مصطفیٰ فائر اسٹیشن کی حدود میں بھی 18 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ کیے گئے۔
مزید اعداد و شمار کے مطابق ناظم آباد میں 13، لیاری میں 9 اور سائٹ کے صنعتی علاقے میں 11 واقعات پیش آئے۔ کورنگی میں 9 اور لانڈھی میں 3 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ اورنگی ٹاؤن اور شاہ فیصل کالونی میں 8، 8 واقعات سامنے آئے۔ منظور کالونی کی حدود میں 14 جبکہ نیو کراچی فائر اسٹیشن کی حدود میں 13 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ کیے گئے۔