ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران 547 مزید پاکستانی وطن پہنچ گئے

دونوں بارڈرز سے مجموعی طور پر سات دنوں میں 3326 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

               
March 7, 2026 · قومی

 کوئٹہ: ایران میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ ساتویں روز بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق آج گبدیمدان بارڈر سے 15 اور تفتان پاسپورٹ گیٹ کے ذریعے 532 افراد وطن واپس پہنچے۔

سات روز کے دوران گبدیمدان بارڈر سے مجموعی طور پر 815 افراد وطن واپس آئے جبکہ تفتان بارڈر سے 2511 افراد واپس پہنچے۔ دونوں بارڈرز سے مجموعی طور پر سات دنوں میں 3326 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

واپسی کرنے والوں میں طلبہ، کاروباری افراد اور سیاح شامل ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ایران سے واپس آنے والے تمام افراد کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔