کے پی کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن۔ بھارتی حمایت یافتہ 13دہشت گردمارے گئے

آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا

               
March 8, 2026 · اہم خبریں, قومی

سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 مارچ کو دہشت گردی کے خلاف جاری بھرپور کارروائیوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد آپریشنز کیے ہیں۔ بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔اسی طرح، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔

خیبر اور جنوبی وزیرستان میں بھی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے مزید 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب پاکستان افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے۔سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھیں گی۔علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔