خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 5 جھڑپوں میں 13 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مختلف علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی کی مہم کے تحت انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر متعدد آپریشن کیے۔ ضلع باجوڑ میں کیے گئے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
اسی طرح خیبر اور جنوبی وزیرستان میں ہونے والی دو الگ کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔فوجی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جبکہ یہ عناصر علاقے میں مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں تاکہ وہاں موجود دیگر دہشت گردوں کو بھی ختم کیا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔