داتا دربار میں اعتکاف کے لیے آنے والے افراد کی حتمی فہرست جاری

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کو خدمت مرکز اور متعلقہ تھانے سے تصدیق کے بعد ہی اجازت دی گئی ہے۔

               
March 8, 2026 · قومی

لاہور میں واقع معروف صوفی درگاہ داتا دربار میں اعتکاف کے لیے آنے والے افراد کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے اور تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

محکمہ اوقاف کے مطابق اعتکاف میں بیٹھنے والوں کو خدمت مرکز اور متعلقہ تھانے سے تصدیق کے بعد ہی اجازت دی گئی ہے۔ فہرست دربار پر آویزاں کر دی گئی ہے تاکہ درخواست گزار اپنے نام چیک کر سکیں۔

دربار کے منتظم نعمان سیفی کے مطابق اس سال تقریباً 1600 افراد اعتکاف میں شریک ہوں گے۔ معتکفین کے لیے سحری اور افطاری کا باقاعدہ انتظام کیا گیا ہے اور معیاری کھانے فراہم کیے جائیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق معتکفین کی سہولت کے لیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا جا رہا ہے جبکہ خوراک کے معیار کی نگرانی کے لیے فوڈ اتھارٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کا امدادی کیمپ بھی موجود ہوگا۔

سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس کی جانب سے اعتکاف کے دوران سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین اور معتکفین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔