چمن سیکٹر پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام،ایک دہشتگرد ہلاک
چمن سیکٹر کے قریب سرحدی علاقے میں چند مسلح افراد نے باڑ کاٹ کر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
پاک افغان سرحد پر واقع چمن سیکٹر میں سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی باڑ کی حفاظت اور غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کے لیے فورسز کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ اسی دوران چمن سیکٹر کے قریب سرحدی علاقے میں چند مسلح افراد نے باڑ کاٹ کر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
کارروائی کے بعد علاقے سے تیار شدہ چار سے پانچ دیسی ساختہ بم اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کے منصوبے کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا اور علاقے میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔