تیسری عالمی جنگ ہماری دہلیز پر کھڑی ہے ، خالد مقبول صدیقی
ہم درود والے لوگ ہیں بارود والے نہیں، دہشت گردی کا جواب دہلیز پر جا کر دیں گے ، تقریب سے خطاب
فائل فوٹو
حیدرآباد:متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش بیرونی خطرات اور افغانستان سے برآمد ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم اور فوج ایک صفحے پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسلام دشمن عناصر اور دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں پر جا کر جواب دیا جائے۔
کے کے ایف ہسپتال حیدرآباد میں سالانہ امدادی پروگرام اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خبردار کیا کہ تیسری عالمی جنگ ہماری دہلیز پر دستک دے رہی ہے۔ اس جنگ کے اثرات ہماری معیشت اور معاشرت پر گہرے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ پاکستانی افغانستان سے آنے والی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، اب دفاع کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔
تقریب کے بعد ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ کی جانب سے ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا جس میں پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔