ملک بھر میں ہزاروں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے

کئی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کیے گئے ہیں۔

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور : رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام ہوگیا جس کے بعد تیسرے عشرے کے لیے آج بعد نماز عصر لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں، اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔

لاہور سمیت ملک کی لاکھوں مساجد میں ہزاروں مسلمان نماز عصر کے بعد اعتکاف میں بیٹھے ہیں جب کہ کئی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کیے گئے ہیں۔

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لیے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کیے جاتے ہیں جب کہ عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہلخانہ کا ہوتا ہے۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان رات بھر اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے جب کہ معتکفین بھی خصوصی طور پر آج رات عبادت کا اہتمام کریں گے۔محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔اعتکاف کرنے والے افراد شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔