موٹرسائیکل سواروں کے لیے خوشخبری: عید تک مفت پیٹرول دینے کا اعلان

اچانک شہر کے کسی بھی پیٹرول پمپ پر جائیں گے اور اس وقت موجود موٹرسائیکل سواروں کی موٹرسائیکلوں میں پیٹرول ڈلوائیں گے۔کامران ٹیسوری

               
March 12, 2026 · قومی

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مشکلات کا شکار موٹرسائیکل سواروں کے لیے عید تک مفت پیٹرول دینے کا اعلان کر دیا گیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعلان کیا ہے کہ وہ عید تک موٹرسائیکل سواروں کو 3 لیٹر تک مفت پیٹرول فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اچانک شہر کے کسی بھی پیٹرول پمپ پر جائیں گے اور اس وقت موجود موٹرسائیکل سواروں کی موٹرسائیکلوں میں پیٹرول ڈلوائیں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں بہت سے افراد ایسے ہیں جو ہزار روپے کا پیٹرول بھی مشکل سے ڈلواتے ہیں، ایسے لوگوں کے لیے یہ عید کا تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدہ صورتحال ہے اور دعا ہے کہ امن قائم رہے، کیونکہ اگر جنگ طویل ہوئی تو پیٹرول اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے کفایت شعاری منصوبے پر عمل کرتے ہوئے گورنر ہاؤس میں آخری عشرے کی تمام افطار تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تاہم شہریوں کے لیے امیدِ رمضان دسترخوان حسبِ معمول جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے بطور مہمان اپنی تمام افطار مصروفیات بھی منسوخ کر دی ہیں۔