سینئر اداکار عاصم بخاری انتقال کر گئے
76 سالہ عاصم بخاری گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ پندرہ روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے
پاکستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار عاصم بخاری انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور گزشتہ رات طبیعت بگڑنے کے بعد کومے میں چلے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق 76 سالہ عاصم بخاری گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ پندرہ روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد وہ کومے میں چلے گئے اور طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
عاصم بخاری نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران متعدد ٹی وی ڈراموں، اسٹیج ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور شوبز انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنائی۔
شوبز حلقوں میں انہیں ایک تجربہ کار فنکار کے ساتھ ساتھ اداکاری کے استاد کے طور پر بھی جانا جاتا تھا، انہوں نے کئی نئے فنکاروں کی رہنمائی بھی کی۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی اور مختلف فنکاروں نے ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔