پاکستان نے پیٹرول قیمت بڑھانے میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا
ایران جنگ کے بعد عالمی تیل سپلائی متاثر ہونے اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث توانائی مارکیٹ میں دباؤ بڑھ گیا ہے
اسلام آباد: ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تاہم پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ امریکہ سے بھی زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی توانائی قیمتوں کے ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 23 فروری کو 0.92 ڈالر فی لیٹر تھی جو 11 مارچ تک بڑھ کر 1.15 ڈالر فی لیٹر ہو گئی، یعنی تقریباً 24.49 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے مقابلے میں امریکہ میں پیٹرول کی قیمت 0.87 ڈالر سے بڑھ کر 1.01 ڈالر فی لیٹر ہوئی جو تقریباً 16.55 فیصد اضافہ بنتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کمبوڈیا میں پیٹرول کی قیمتوں میں سب سے زیادہ تقریباً 67.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ویتنام میں 49.7 فیصد، نائیجیریا میں 35 فیصد اور لاؤس میں 32.9 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین کے مطابق ایران جنگ کے بعد عالمی تیل سپلائی متاثر ہونے اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث توانائی مارکیٹ میں دباؤ بڑھ گیا ہے جس کے اثرات دنیا بھر کے ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔