پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔وزیر خزانہ
حکومت بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے، تاہم عالمی حالات کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عندیہ دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق حکومت بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے، تاہم عالمی حالات کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
اجلاس میں وزیر پٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ پاکستان میں موجود پانچوں ریفائنری پلانٹس پرانے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو خام تیل رعایتی نرخوں پر فراہم کر رہا ہے، جبکہ پاکستان کے تیل کے دو جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یکم مارچ کو ڈیزل کی عالمی قیمت 88 ڈالر فی بیرل تھی جو 6 مارچ تک بڑھ کر 149 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ کارگو کی لاگت بھی نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب کمیٹی کے رکن فاروق ایچ نائیک نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عام آدمی پر بوجھ بڑھے گا اور غریب طبقہ مزید اضافہ برداشت نہیں کر سکتا۔