موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر حدِ رفتار میں کمی- پرانی اسپیڈ پر چلنے والوں کو جرمانے
موٹرویز پر کار اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (LTV) کی حدِ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر
موٹر وے ایم ٹو فائل فوٹو
حکومتِ کی کفایت شعاری اور ایندھن بچت پالیسی موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی حدِ رفتار میں کمی کر دی گئی ہے۔ اقدام وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں توانائی کے مؤثر استعمال اور ایندھن کی بچت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
پرانی رفتار پر چلنے والوں کو جرمانے ہو رہے ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق موٹرویز پر کار اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (LTV) کی حدِ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ مسافر بردار گاڑیوں (PSV) اور مال بردار گاڑیوں (HTV) کی حدِ رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی ویز پر کار اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (LTV) کی حدِ رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ مسافر بردار گاڑیوں (PSV) اور مال بردار گاڑیوں (HTV) کی حدِ رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے نئی مقرر کردہ حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر کارروائیاں بھی شروع کر دیں۔ موٹروے ایم ٹو پر رفتار کی خلاف ورزی کرنے والی مسافر بس کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک شہری کو 115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 2500 روپے کا چالان کیا گیا۔ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم ٹو پر نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایندھن کی بچت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر نئی رفتار کی حد نافذ کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان انسپکٹر ثاقب وحید کا کہناتھاکہ موٹروے پولیس نے نئی حدِ رفتار سے متعلق ملک بھر میں آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔