شہباز شریف کی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ۔ سعودی عرب سے مکمل یک جہتی اور حمایت کا اعادہ

دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال

               
March 12, 2026 · اہم خبریں, قومی

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف ملاقات کر رہے ہیں

 

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے محدود سطح کی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

 

وزیراعظم نے ملاقات کے آغاز میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مشکل حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

وزیر اعظم  شہباز شریف گزشتہ روز مختصر دورے پر جدہ پہنچے تھے۔