امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والا پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے فضائی آپریشن اب بتدریج معمول پر آنا شروع ہو گیا ہے اور مختلف ایئرپورٹس سے پروازوں کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آج ملک بھر سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے مجموعی طور پر 231 پروازیں آپریشنل ہوں گی جبکہ 72 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ 14 دنوں کے دوران خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 1811 سے تجاوز کر چکی ہے۔
دوسری جانب کویت ایئرپورٹ پر 13 روز کی بندش کے بعد محدود فضائی سرگرمی بحال ہوئی ہے اور وہاں سے قاہرہ کے لیے دو پروازیں روانہ ہونے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ سے آج دوحہ، بحرین اور کویت کے لیے 14 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 64 پروازیں شیڈول کے مطابق آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ سے دوحہ، کویت، بغداد اور دبئی جانے والی 17 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جبکہ 55 پروازیں آمد و روانگی کے لیے شیڈول ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ سے مشرقِ وسطیٰ کی 25 پروازیں آج منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 64 پروازوں کی آمد و روانگی متوقع ہے۔ اسی طرح پشاور ایئرپورٹ سے 14 پروازیں منسوخ جبکہ 8 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
دیگر شہروں میں سیالکوٹ سے 8، فیصل آباد سے 10 اور ملتان سے 24 پروازیں آپریشنل ہیں جبکہ مجموعی طور پر 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ کوئٹہ ایئرپورٹ سے دبئی اور شارجہ کے لیے آج کی چاروں پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی۔