لکی مروت میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے ایس ایچ او سمیت 6 اہل کار شہید
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کانوٹس اورشدید مذمت۔ آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی
لکی مروت میں پولیس پر حملے سےایس ایچ او سمیت 6 اہل کار جاں بحق ہو گئے ہیں۔تھانہ شادی خیل پولیس اسٹیشن کی موبائل کے قریب زوردار دھماکا ہوا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس موبائل کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام ڈرائیور، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، کانسٹیبل گل زادہ، کانسٹیبل سخی زادہ شامل ہیں ۔ کانسٹیبل انصاف الدین کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ صوبائی حکومت شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔