آپریشن غضب الحق جاری: پاک فضائیہ کی افغانستان میں بڑی کارروائی، دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ

قندھار اور پکتیا میں تباہی،انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی اس کارروائی میں دہشت گردوں کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا،سیکیورٹی حکام

               
March 13, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی/اسلام آباد: دہشت گردی کے خلاف جاری فیصلہ کن معرکے ‘آپریشن غضب الحق’ کے تحت پاک افواج نے سرحد پار افغانستان میں فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے اہم ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے کامیاب فضائی حملے کیے، جس کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی اس کارروائی میں دہشت گردوں کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

 پاک افواج نے قندھار کے علاقے تراوو (Tarawo) میں قائم دہشت گردوں کے اہم کیمپ کو موثر انداز میں نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

صوبہ پکتیا کے علاقے شیرِ ناؤ میں واقع دہشت گرد کیمپ پر بھی شدید بمباری کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان حملوں میں نہ صرف فتنہ الخوارج کے ٹھکانے بلکہ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ اہداف کو درست طریقے سے ہٹ کیا جائے۔

سیکیورٹی حکام نے واضح پیغام دیا ہے کہ آپریشن غضب الحق کے تحت کی جانے والی یہ کارروائیاں محض آغاز ہیں۔ پاکستان کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور تمام متعین کردہ اہداف حاصل نہیں ہو جاتے، یہ آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔