نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے الیکشن میں کانٹے کا مقابلہ ۔اپوزیشن گروپ اہم عہدوں پر کامیاب

برسراقتدار جرنلسٹ پینل کوبڑے اپ سیٹ کا سامنا۔ڈیموکریٹس کے صدر اور سیکرٹری جیت گئے

               
March 13, 2026 · امت خاص

نیشنل پریس کلب الیکشن 2026ء ۔تصویر: سوشل میڈیا

 

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے الیکشن میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد برسراقتدار جرنلسٹ پینل کو بڑے اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا،متحدہ اپوزیشن دی ڈیمو کریٹس پینل کے عبدالرزاق سیال 1067 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے ۔ان کے مد مقابل جرنلسٹ پینل کی خاتون امیدوار نیئر علی 1052ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ، سیکرٹری اور دونائب صدو ر بھی ڈیمو کریٹس پینل سے منتخب ہوئے ہیں ،سیکرٹری فنانس کی سیٹ پر جرنلسٹ پینل کے عابد عباسی نے خاور نواز راجہ کو شکست دی ۔

 

جرنلسٹ پینل کی ہی شکیلہ جلیل جوائنٹ سیکرٹری اور سحرش قریشی نائب صدرکی نشست جیت گئی ہیں ۔جرنلسٹ پینل کے امیدوار احتشام الحق 1202 ووٹ حاصل کر کے نائب صدر کی نشست جیتنے میں کامیاب ہو گئے ۔

 

انتخابات میں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ رہا اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا۔ ڈیموکریٹس پینل کے امیدوار عثمان خان اور بشیر چودھری نائب صدر کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے۔ بشیر چودھری نے 1076 ووٹ حاصل کیے، عثمان خان کو 1015 ووٹ ملے۔

 

جمعرات کو ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل شروع کیا گیا تھا جو طول پکڑنے کے بعدجمعہ کی رات مکمل ہوا اور پریس کلب کے الیکشن کمیشن کی طرف باقاعدہ صدارت کی سیٹ کا رزلٹ بتا یا گیا۔صدر کے عہدے پر کامیابی کے بعد ڈیمو کریٹس کے حامیوں نے عبدالرزاق سیال کو کامیابی پر مبارکباد دی ،اور ان کی کامیابی کو نیک شگون قرار دیا ۔