گل پلازہ ایسوسی ایشن صدر نے سانحے میں ہلاکتوں کا ذمہ دار ریسکیو کے سست انتظامات کو ٹھہرا دیا

مزید 2 ٹینڈر ساڑھے 11 بجے پہنچے تب تک آگ گراؤنڈ فلور پر پھیل چکی تھی

               
March 14, 2026 · قومی

گل پلازہ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا نے سانحے میں ہونے والی اموات کا ذمہ دار ریسکیو کے سست انتظامات کو قرار دیدیا۔

گل پلازہ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا نے گل پلازہ کمیشن کے سوالنامے کا جواب جمع کرادیا جس میں انہوں نے سانحے میں اموات کا ذمہ دار ریسکیو کے سست انتظامات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی 10 بجکر 55 منٹ پر پہنچی، 20 منٹ کے اندر فائر ٹینڈر میں پانی ختم ہوگیا تھا، مزید 2 ٹینڈر ساڑھے 11 بجے پہنچے تب تک آگ گراؤنڈ فلور پر تینوں اطراف پھیل چکی تھی۔

تنویر پاستا نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ ریسکیو اہلکاروں کے پاس مناسب آلات، ماسک اور حفاظتی سامان موجود نہیں تھا، فائر فائٹرز کے پاس فوم یا کیمیکل موجود نہیں تھا، ریسکیو کارروائیاں ابتدائی طور پر بہت سست تھیں، مارکیٹ انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت نجی ٹینکرز کا انتظام کیا۔

انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ امدادی سرگرمیاں فجر کے بعد متحرک ہوئیں تب تک آگ شدت اختیار کر چکی تھی، عمارت میں پھنسے لوگوں کی جانب سے لوکیشن ملنے پر کچھ افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا، مناسب ریسکیو سہولیات نہ ہونے کے باعث کئی افراد کو بچایا نہیں جاسکا، ریسکیو اداروں کے پاس حفاظتی آلات ہوتے تو مزید جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔