موجودہ جنگ میں امریکا اور اسرائیل ہار چکے ہیں،سابق سینیٹر مشتاق احمد
ہم نئے رہبر کے ساتھ ہیں اور ایران کے شہید سپریم لیڈر، میناب اور غزہ کے بچوں کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ایران کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی اور موجودہ جنگ میں امریکا اور اسرائیل ہار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر کے باوجود اسرائیل نے غزہ پر ہر سات میں سے چھ دن حملے کیے، جس کے نتیجے میں غزہ میں بنیادی ضروریاتِ زندگی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
مشتاق احمد نے بتایا کہ 1967ء کے بعد پہلی مرتبہ مسجدِ اقصیٰ 14 دن سے زائد بند رہی ہے۔ انہوں نے ایران کے شہید رہبر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نئے رہبر کے ساتھ ہیں اور ایران کے شہید سپریم لیڈر، میناب اور غزہ کے بچوں کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
سابق سینیٹر نے اعلان کیا کہ پاکستان میں **“مارچ فار غزہ”** خیبر سے کراچی تک منعقد کیا جائے گا، جو تقریباً دو ہفتے جاری رہے گا اور ملک کے 200 اضلاع میں انعقاد ہوگا۔ اس مارچ کا مقصد فلسطین کی آزادی اور مسجدِ اقصیٰ کے حق میں عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔