محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند سے متعلق پیشگوئی کردی

19 مارچ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جہاں چاند کی رویت کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گ

               
March 14, 2026 · قومی

محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 مارچ کو چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق 19 مارچ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جہاں چاند کی رویت کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، تاہم سائنسی اندازوں کے مطابق اس روز چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 19 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق چاند کی پیدائش صبح 6 بج کر 23 منٹ پر ہوگی۔ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے اور چند منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے ناکافی سمجھی جاتی ہے۔

انجم نذیر کے مطابق عام طور پر چاند کم از کم 14 گھنٹے یا اس سے زیادہ عمر کا ہو تو دوربین کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ 12 گھنٹے عمر کا چاند سائنسی اعتبار سے نظر آنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے اور اسے عام آنکھ سے دیکھنا بھی ممکن نہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ اندازوں کے مطابق اس سال رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ہے اور یکم شوال یعنی عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو ہونے کی توقع ہے۔ تاہم عید کے چاند کے بارے میں حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔