عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔وزیر خزانہ
اس وقت ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور سپلائی کے نظام میں کسی قسم کے تعطل کا خدشہ نہیں ہے
حکومت نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور سپلائی کے نظام میں کسی قسم کے تعطل کا خدشہ نہیں ہے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ تیل کی مزید کھیپ پاکستان پہنچنے کے راستے میں ہے جس سے قومی ذخائر مزید مضبوط ہوں گے۔ اس کے علاوہ آئندہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی درآمدی انتظامات بھی کیے جارہے ہیں تاکہ سپلائی کا نظام مستحکم رہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت عالمی توانائی منڈی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی برقرار رہے اور عوام پر اضافی مالی بوجھ کم سے کم پڑے۔
انہوں نے کہا کہ غیر یقینی عالمی حالات کے باوجود بروقت منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے باعث پاکستان میں پٹرولیم سپلائی مستحکم ہے۔
اجلاس میں ریفائنریز اور آئل کمپنیوں کے درمیان قریبی رابطے برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی جبکہ ڈیزل، پٹرول، ایل پی جی اور جیٹ فیول کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر تیل کے استعمال میں بچت کے اقدامات اور پٹرولیم سپلائی کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ توانائی کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے کمیٹی کے اجلاس روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گے۔