حج پروازوں کے التوا کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ترجمان وزارت مذہبی امور
عازمین حج کے ویزوں کے اجرا سمیت دیگر ضروری مراحل تیزی سے جاری ہیں
پہلے مرحلے میں یہ ریلیف فلائیٹس 2، 4 اور 6 مارچ کو آپریٹ ہوں گی،فائل فوٹو
وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق شائع ہونے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
وزارت کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ بعض اخبارات میں حج پروازوں کے التوا یا شیڈول معطل ہونے کی اطلاعات شائع کی گئی ہیں، تاہم ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔ ان کے مطابق حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے حج انتظامات معمول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں جبکہ عازمین حج کے ویزوں کے اجرا سمیت دیگر ضروری مراحل تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اس امر کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام تیاریاں بروقت مکمل ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔ اس موقع پر عازمین کو ان کی پروازوں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ وہ اپنی روانگی کی تیاری اطمینان کے ساتھ کر سکیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں اور حج سے متعلق معلومات کے لیے صرف وزارتِ مذہبی امور کے سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان حج 2026 کے انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے لیے سرگرم ہے تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔