آپریشن غضب للحق کے تحت چترال میں پاک افغان سرحد پر طالبان کی بادانی پوسٹ تباہ
بادانی پوسٹ کو زمینی ہتھیاروں اور کواڈ کاپٹرز کی مدد سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن “غضب للحق” کے دوران چترال میں پاک افغان سرحد کے قریب افغان طالبان کی ایک اہم پوسٹ کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جدید آلات کا استعمال کیا۔ اس دوران بادانی پوسٹ کو زمینی ہتھیاروں اور کواڈ کاپٹرز کی مدد سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ جارحانہ سرگرمیوں کے بعد افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو مختلف محاذوں پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کا آپریشن اپنے مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔