افغانستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام جھوٹا، اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہے، حکومت پاکستان
قندھار میں صرف افغان طالبان حکومت کے دہشت گرد ٹھکانوں، انفراسٹرکچر اور تیکنیکی آلات کو نشانہ بنایا گیا
وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات نے افغانستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کی تردید کر دی۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان حکومت کے نام نہاد نائب ترجمان کا دعویٰ ایک بار پھر پاک افغان سرحد کے ساتھ شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے اپنے گھناؤنے فعل پر پردہ ڈالنے اور دہشت گردوں کی سرپرست حکومت کے تلے دبی اپنے ہی عوام کو بے وقوف بنانے کی ایک ناقص کوشش ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق، 15 مارچ 2026 کو تقریباً ساڑھے تین بجے، طالبان حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے سالارزئی، تابیستا لیٹائی میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں چار بے گناہ شہری شہید اور ایک پانچ سالہ بچہ شدید زخمی ہوا۔
حکومت نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کو ہمیشہ شفافیت کے ساتھ عوام تک پہنچایا گیا ہے۔ 14 اور 15 مارچ کی درمیانی شب، قندھار میں صرف ماسٹر پراکسی یعنی افغان طالبان حکومت کے دہشت گردٹھکانوں، انفراسٹرکچر اور تیکنیکی آلات کو نشانہ بنایا گیا، اور اس کی وڈیوز اور کلپس پہلے ہی شیئر کی جا چکی ہیں۔
افغان طالبان حکومت کے برعکس، پاکستان پرانی، جعلی یا اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور وڈیوز پر انحصار نہیں کرتا۔ افغان طالبان کے سرکاری ذرائع سے بار بار بولے جانے والے جھوٹ اور جعلی مراسلات صرف پاکستان کو بدنام کر نے کے لیے پھیلائے جاتے ہیں۔