جنگ کا 18 واں روز: فجیرہ میں ڈرون حملہ- ابوظہبی میں پاکستانی جاں بحق

ایران جنگ کے حوالے سے تازہ ترین اپ ڈیٹس

               
March 17, 2026 · Live

ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائلوں کا 57 واں حملہ منگل 17 مارچ کو شروع ہوا۔ میزائل داغنے کے بعد ایک لانچر اہلکار ہاتھ فضا میں بلند کیے ہوئے ہے۔

اہم نکات

  • ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ منگل 17 مارچ کو 18 ویں دن میں داخل ہوگئی۔
  • ایران نے پاکستان اور ترکی سے اظہار تشکر کیا ہے جب کہ پڑوسی ممالک کے نام پیغام بھی بھیجا ہے۔
  • آبنائے ہرمز کھلوانے پر ٹرمپ بے بس محسوس ہوتے ہیں۔ اتحادی ممالک نے ان کی مدد سے انکار کردیا۔
  • پچھلے ایک ہفتے میں ایران کے اسرائیل اور پڑوسی ممالک پر حملے جاری رہے۔ امریکہ اور اسرائیل نے بھی ایران پر بمباری کی لیکن کوئی بڑا ہدف حاصل نہیں کرسکے۔
  • خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کو زیادہ نقصان پہنچا۔ پچھلے ایک ہفتے کی اپ ڈیٹس آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔
  • امریکہ نے 28 فروری کو بڑے حملے کے ساتھ ایران پر جنگ شروع کی تھی۔ پہلے حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور کئی اہم فوجی کمانڈر شہید ہوگئے۔ تاہم امریکی توقعات کے بر خلاف ایران میں حکومت تبدیل نہیں ہوئی۔ مجتبی خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر چن لیا گیا۔ ایران کی ممتاز فوجی طاقت پاسداران انقلاب مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 09:55 #
سعودی عرب نے ملک کے مشرق میں تین ڈرونز ناکام بنا دیے

سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے حالیہ گھنٹوں میں ملک کے مشرقی علاقے میں دو لہر کے ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

وزارت نے بتایا کہ تازہ ترین ناکامی اسی کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی جب اس نے الخیراج کے اوپر ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کیا تھا۔ ناکام کیے گئے میزائل یا ڈرون کے ٹکڑے پرنس سلطان ایئربیس کے نزدیک گرے، لیکن کوئی نقصان نہیں ہوا۔

Wednesday, 18 March 2026 – 09:47 #
ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل،ڈرون حملوں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔ یو اے ای

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملک کے ہوائی دفاعی نظام اس وقت ایران کی طرف سے آنے والے میزائل اور ڈرون خطرات کا بھرپور پر جواب دے رہے ہیں۔

یہ تازہ ترین بیان اسی وقت سامنے آیا ہے جب وزارتِ دفاع نے حالیہ گھنٹوں میں ایران کی جانب سے متعدد حملوں کے خلاف فضائی دفاعی کارروائیوں کی اطلاع دی ہے۔ یہ تاحال تیسری بار ہے کہ دفاعی سسٹمز پر خطرات کے جواب کی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 09:02 #
آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی، یو اے ای کا امریکی کوششوں کا حصہ بننے کا عندیہ

یواے ای نے آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کیلئے امریکی کوششوں کا حصہ بننے کا عندیہ دیدیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے کہا ان کا ملک آبنائے ہرمز کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کی قیادت میں ہونے والی بین الاقوامی کوشش میں شامل ہو سکتا ہے۔اس وقت یو اے ای اور ایران کے درمیان کوئی فعال مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ہم خطے میں کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

Wednesday, 18 March 2026 – 08:51 #
وسطی بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد زور دار دھماکہ

الجزیرہ عربی کے رپورٹرز کے مطابق، اسرائیلی افواج نے وسطی بیروت میں ایک عمارت پر حملہ کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے حملے کے بعد علاقے میں زور دار دھماکوں کی اطلاع دی۔

یہ حملہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی فوج نے محلے کے رہائشیوں کو زبردستی انخلاء کا حکم دیا تھا۔

Wednesday, 18 March 2026 – 08:39 #
حملوں کا جواب۔کویت نے 7 ڈرونز کو ناکام بنایا

کویت نیشنل گارڈ نے کہا ہے کہ اس نے آج صبح سویرے سات بغیر پائلٹ کے ہوائی جہاز (ڈرونز) کو مار گرایا۔

یہ بیان اس کے چند گھنٹوں بعد آیا جب کویتی فوج نے کہا کہ وہ دشمنانہ میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنا رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور بحرین نے بھی حالیہ گھنٹوں میں میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کی اطلاع دی ہے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 08:35 #
قطر کی مسلح افواج نے میزائل حملہ ناکام بنا دیا

قطر کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے ایک میزائل حملے کو ناکام بنا دیا، جو ملک کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔

یہ اطلاع ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خلیج کے دیگر ممالک نے رات بھر ڈرون اور میزائل حملوں کی اطلاعات ہیں۔

Wednesday, 18 March 2026 – 08:29 #
بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب ڈرون حملہ

عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب ڈرون حملہ ہوا، دفاعی نظام نے ڈرون طیارے کو روکنے کے لیے کارروائی کی۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈرون طیارہ امریکی سفارت خانے کے احاطے میں جاگرا۔

Wednesday, 18 March 2026 – 07:58 #
اسرائیل کی جنوبی لبنان میں کارروائی۔ کئی علاقوں میں حملے

الجزیرہ عربی کے رپورٹرز کے مطابق، اسرائیلی فوج نے لبنان کے ضلع صیدا کے شہر Al Aqibya پر حملہ کیا ہے۔

العقیبیہ پر یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب اس کے قریب واقع شہر Qanarit پر بھی حملہ ہوا تھا۔

اس سے قبل، لبنانی وزارتِ صحت نے اطلاع دی تھی کہ بیروت پر اسرائیلی حملوں میں چھ افراد جاں بحق ہوئے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 07:12 #
بیروت پر اسرائیلی حملے۔ 6 افراد جاں بحق اور 24 زخمی

لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے دارالحکومت بیروت پر کیے گئے دو حملوں میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے۔

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد ان دو فضائی حملوں کا نشانہ بنے جو اسرائیلی فضائیہ نے بیروت میں کیے۔

اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اسرائیلی حملوں میں وسطی بیروت میں واقع تین رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

Wednesday, 18 March 2026 – 07:06 #
جنوبی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، ایران سے داغے گئے میزائلوں کی اطلاع

جنوبی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کا سراغ ملا ہے اور نشانہ بنائے گئے علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 06:42 #
ایران کے میزائل حملے کے بعد وسطی اسرائیل میں بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے تازہ میزائل حملے کے بعد وسطی اسرائیل کے شہر کسیم میں کم از کم چار مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حملے کے نتیجے میں املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جبکہ ایک مقام پر خوف و ہراس کا شکار دو افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

Wednesday, 18 March 2026 – 06:35 #
امریکی فوج کا آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی میزائل سائٹس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

امریکی فوج نے کہا کہ حملے کا مقصد ایرانی اینٹی شپ میزائل سسٹم کو ختم کرنا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ان سائٹس میں موجود ایرانی اینٹی شپ کروز میزائل بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے لیے خطرہ پیدا کر رہے تھے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 06:32 #
کرکوک کے فوجی اڈے پر حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی

عرب میڈیا کی تصدیق شدہ ویڈیو میں شمال مشرقی شہر کرکوک میں واقع امام علی فوجی اڈے پر حملے کے بعد آسمان میں شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

Wednesday, 18 March 2026 – 06:23 #
ایران کے جوہری بجلی گھر کے احاطے پر میزائل گرنے کی اطلاع

انٹر نیشنل اٹامک انرجی نے کہا ہے کہ ایران نے اسے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ شام نیوکلیئر پاور پوائنٹ کے احاطے میں ایک میزائل یا گولہ آ کر گرا۔

ادارے کے مطابق اس واقعے میں بجلی گھر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی عملے کا کوئی فرد زخمی ہوا۔

آئی اے ای اے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں جنگ کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط اور تحمل اختیار کرنے کی اپیل بھی دہرائی تاکہ کسی ممکنہ جوہری حادثے کے خطرے سے بچا جا سکے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 05:59 #
پی آئی اے نے فجیرہ کے لیے پروازیں 48 گھنٹوں کے لیے معطل کر دیں

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ کے لیے اپنی پروازوں کی آمد و رفت اگلے 48 گھنٹوں کے لیے معطل کر دی ہے۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اس دوران پی آئی اے متحدہ عرب امارات میں صرف العین کے لیے پروازیں چلائے گی۔

Wednesday, 18 March 2026 – 05:57 #
سعویہ میں بلیسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کردیا گیا

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے الخرج گورنریٹ کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا۔ وزارت کے مطابق میزائل کو روکنے کے بعد اس کا ملبہ پرنس سلطان ایئربیس کے قریب گرا، تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

یہ فضائی اڈہ، جہاں امریکی افواج بھی موجود ہیں، امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران کئی بار حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔

Wednesday, 18 March 2026 – 05:40 #
علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایران کا اسرائیل پر حملہ۔2 افرادہلاک

روسی میڈیا کے مطابق تل ابیب پر ایرانی حملے میں متعددگاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، ،نیشنل ایمبولیس سروس نے بتایا کہ ایرانی حملے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

بریکنگ | Wednesday, 18 March 2026 – 04:25 #
ایرانی حملوں کے باعث عرب ممالک میں عید کی کھلے میدانوں میں نماز پر پابندیاں

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے اثرات خلیجی خطے میں عید الفطر کی عبادات تک پہنچ گئے ہیں، جہاں متعدد عرب ممالک نے سیکیورٹی خدشات کے باعث کھلے میدانوں میں نماز عید پر پابندیاں یا سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین سمیت کئی ممالک نے عوامی اجتماعات کو محدود کر دیا ہے اور بعض مقامات پر کھلے میدانوں میں نماز عید کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد یا محدود اور محفوظ مقامات پر ہی نماز ادا کریں۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں ڈرون اور میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔ حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور دیگر مقامات پر حملوں اور دھماکوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

Wednesday, 18 March 2026 – 00:07 #
ایران میں جاسوسی کے الزام میں 10غیر ملکی گرفتار

تہران: ایران میں جاسوسی کے الزام میں 10غیر ملکی افراد کی گرفتاری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے شمال مشرقی علاقے میں جاسوسی کے الزام میں 10غیر ملکی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔’’جنگ ‘‘ کے مطابق ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ ان افراد کو پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس ادارے نے کارروائی کے دوران حراست میں لیا ہے۔

گرفتار افراد پر حساس تنصیبات سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے اور ممکنہ فیلڈ آپریشنز کی تیاری کا الزام ہے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کی قومیت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

Wednesday, 18 March 2026 – 00:06 #
بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی شہید، ،پاسدارانِ انقلاب کی تصدیق

تہران : ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے ‘بسیج فورس’ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل غلام رضا سلیمانی کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے تعلقاتِ عامہ کے شعبے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل غلام رضا سلیمانی صیہونی جارحیت کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔

شہادت کا مقام: ایرانی حکام کے مطابق، جنرل سلیمانی کو تہران کے قریب ایک فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جہاں وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں جنرل سلیمانی کے ہمراہ بسیج فورس کے نائب سربراہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شہید ہوئے ہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 23:46 #
ایران جنگ کو مقبولیت نہ ملی، ٹرمپ نے میڈیا پر دباؤ بڑھا دیا، سی این این

واشنگٹن: ایران جنگ کو عوامی مقبولیت نہیں ملی، جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوز میڈیا پر دباؤ بڑھادیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ ہر روز ایک یا اُس سے زائد شکایتیں رجسٹرڈ کراتی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ خود ٹرمپ میڈیا کو ’کریمنل‘ اور’غیر محب وطن‘ کہنے سے نہیں چوکتے۔

فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن کے چیئرمین برینڈن کیر جنہیں ٹرمپ نے چنا ہے، کئی بار براڈ کاسٹرز کو ان کے نشریاتی لائسنس منسوخ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔

سی این این کے سینئر سیاسی مبصر ڈیوڈ ایکزل روڈ نے لکھا ہے کہ ’لگتا ہے ٹرمپ انتظامیہ نے فیصلہ کرلیا کہ اگر جنگ کی خبریں بہتر نہیں ہوتیں، تو جنگ کی خبریں دینے والوں پر حملہ کرنا بہتر ہوگا‘۔

سی این این نے لکھا کہ جنگ کے بارے میں سخت سوالات کے جواب میں ٹرمپ محض ’فیک نیوز‘ کہہ کر جان چھڑاتے ہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 23:41 #
کویت میں ملبہ گرنے سے 2 افراد معمولی زخمی

کویت سٹی: کویت میں ڈرونز اور میزائل حملے ناکام بنا لیے گئے، ملبہ گرنے سے دو افراد معمولی زخمی ہوگئے ۔

کویت کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کی فضائی حدود میں دو بیلسٹک میزائل اور 13 ڈرونز کو ناکارہ بنا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق ان تمام حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا ہے، تاہم گرتے ہوئے ملبے کے باعث دو افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

ان افراد کی حالت مستحکم ہے اور کسی بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متحدہ عرب امارات اور قطر نے بھی آج میزائلوں کے بارے میں تازہ معلومات جاری کی ہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 21:05 #
نیٹو ممالک کی مدد کی ضرورت نہیں ، ٹرمپ کی کڑی تنقید

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اکثر نیٹو اتحادی ممالک کی طرف سے امریکہ کو کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں حصہ لینا نہیں چاہتے۔

ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’چونکہ ہمیں اس قدر عسکری کامیابی ملی ہے، ہمیں نیٹو ممالک کی مدد کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ہمیں اس کی خواہش ہے۔ ہمیں کبھی ان کی ضرورت نہیں تھی۔‘

ٹرمپ نے اس پیغام میں جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا بھی ذکر کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ انھیں اتحادی ممالک کے اقدام سے ’حیرت نہیں ہوئی۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انھیں ’کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 20:34 #
آج 45ایرانی ڈرونز اور 10 بیلسٹک میزائلوں کو ناکارہ بنایا، اماراتی وزارتِ دفاع

ابو ظٖہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ایران جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک اماراتی فضائی دفاعی نظام نے 300 سے زائد بیلسٹک میزائلوں، 15 کروز میزائلوں اور 16سو سے زائد ڈرونز کا “مقابلہ” کیا ہے۔

اماراتی وزارت دفاع نے بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں مسلح افواج کے دو اہلکار شہید جبکہ پاکستانی، نیپالی، بنگلہ دیشی اور فلسطینی شہریت رکھنے والے چھ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران کی زیادہ تر آتشیں طاقت کا نشانہ اس کے عرب پڑوسی رہے ہیں، جس کا بڑا رخ متحدہ عرب امارات کی طرف تھا۔

وزارتِ دفاع کے مطابق، منگل کے روز متحدہ عرب امارات کے دفاعی نظام نے ایران کی طرف سے آنے والے 10 بیلسٹک میزائلوں اور 45 ڈرونز کو ناکارہ بنایا۔

وزارت نے یہ بھی بتایا کہ مختلف شہریتوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 157 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن کی “زخمی حالت معمولی سے لے کر درمیانی اور شدید نوعیت کی ہے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 20:33 #
چین کا ایران، اردن، لبنان اور عراق کے لیے ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان

بیجنگ: چین نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران ایران، اردن، لبنان اور عراق کے لیے ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امداد کا مقصد متاثرہ عوام کی مشکلات کم کرنا ہے، چین خطے میں انسانی بحران پر تشویش اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کر تا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ چین جنگ بندی اور خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا،خطے میں بڑھتے انسانی بحران کو روکنا عالمی ترجیح ہونی چاہیے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری ہی مسائل کا واحد حل ہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 19:36 #
مجتبیٰ خامنہ ای کے روس منتقل ہونے اور علاج کی خبریں من گھڑت ہیں، ایرانی سفیر

ماسکو: روس میں تعینات ایرانی سفیر کاظم جلالی نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے روس منتقل ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ اپنے بیان میں ایرانی سفیر کاظم جلالی نے کہا کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا ماسکو میں علاج نہیں ہو رہا، سپریم لیڈر کے علاج کی خبریں غلط ہیں۔

کاظم جلالی نے کہا کہ امریکی، اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کی خبریں تصدیق شدہ نہیں۔ دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق روسی صدارتی دفتر کریملن نے بھی اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 19:19 #
امریکی نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر نے ایران کے خلاف جنگ پر استعفیٰ دے دیا

واشنگٹن: امریکی نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر نے ایران کے خلاف جنگ پر استعفیٰ دے دیا۔

امریکی نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) کے ڈائریکٹر جو کینٹ (Joe Kent) نے ایران کے خلاف جاری جنگ کو بلاجواز اور اسرائیل کا دباؤ قرار دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام لکھے گئے ایک دھماکہ خیز خط میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایران سے امریکہ کی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں تھا، بلکہ یہ جنگ اسرائیلی لابی کی ایما پر مسلط کی گئی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری کردہ استعفیٰ نامے میں جو کینٹ نے لکھا کہ “میرا ضمیر اب اس جنگ کی حمایت کی اجازت نہیں دیتا۔”

انہوں نے الزام لگایا کہ امریکی انتظامیہ اور میڈیا میں موجود بااثر حلقوں نے اسرائیل کے دباؤ پر ایک غلط بیانی پر مبنی مہم چلائی تاکہ ایران پر حملے کے لیے عوامی جذبات ابھارے جا سکیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو عراق جنگ جیسی بڑی غلطی قرار دیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 19:01 #
ایران کا خوف ، ملک چھوڑنے کیلئے بھگدڑ،مسافروں کا بن گوریان ایئرپورٹ پر دھاوا

تل ابیب: تل ابیب کے مرکزی بن گوریان ایئر پورٹ پر فلائٹس میں محدود مسافروں کی اجازت پر اسرائیلیوں نے ہنگامہ آرائی کی۔

اب ہر فلائٹ پر 170 مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی، اطلاق جمعرات سے ہوگا۔

واضح رہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے بعد 70 مسافروں کو ایک پرواز پر سوار ہونے کی اجازت تھی۔

ایرانی حملوں کے بعد پیدا ہونیوالی خوف کی صورتحال کے باعث اسرائیلی ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، ایسے میں طیاروں میں کم تعداد میں مسافروں کے سوار کرانے کے خلاف ہنگامہ ہوا۔

دوسری جانب اسرائیلی شہریوں کا شکوہ ہے کہ اسرائیلی ایوی ایشن حکام نے انتہائی مہنگی ٹکٹ فروخت کرنے کیلئے ایئر لائنز سے ساز باز کی ہوئی ہے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 17:52 #
جنگوں کا فیصلہ سوشل میڈیا پر نہیں میدانِ جنگ میں ہوتا ہے , ترجمان پاسدارانِ انقلاب

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ جنگوں کا فیصلہ سوشل میڈیا پر نہیں بلکہ میدانِ جنگ میں ہوتا ہے۔

ایک بیان میں ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکی آپریشن کا نام’’ ایپک فیوری‘‘ کے بجائے ’’ایپک فیئر ‘‘ہونا چاہیے۔

دوسری جانب ایک بیان میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی کو پائیدار ہونا چاہیے، اسے باہر سے نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔علاقائی ممالک کو بتایا تھا کہ خطے میں امریکی موجودگی سیکیورٹی کی ضمانت نہیں، پائیدار علاقائی سلامتی ضروری ہے، اسے باہر سے مسلط نہیں کیا جا سکتا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 17:15 #
ایران کی وزارتِ انٹیلیجنس کا سینکڑوں سٹار لنک ڈیوائسز ضبط کرنے کا دعویٰ

تہران: ایران کی وزارتِ انٹیلیجنس نے سینکڑوں اسٹار لنک ڈیوائسز ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے ’دشمن کی جانب سے بھیجی گئی‘ سینکڑوں اسٹارلنک کی ڈیوائسز ضبط کر لی ہیں۔

یاد رہے کہ اس بیان میں وزارت انٹیلیجنس کا اشارہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی قانون کے تحت اسٹارلنک ڈیوائسز کا حصول اور استعمال جرم ہے اور جنگ کے دوران ایسا کرنے والوں کو سب سے سخت سزا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی ایران میں انٹرنیٹ پر تقریبا بلیک آؤٹ ہے۔ انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے رپورٹنگ کے لیے ایران تک رسائی مشکل ہو گئی ہے ۔کچھ لوگ انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کے لیے سٹار لنک کا استعمال کرتے ہیں۔

دوسری جانب ایران میں سٹارلنک استعمال کرنے پر دو سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 16:25 #
حیرت انگیز ایرانی حکمت عملی ’’موزیک ڈیفنس‘‘ کیا ہے اوراسے کس نے تخلیق کیا؟
  ایران کی فوج کبھی لڑنا بند نہیں کرسکتی، اگر تمام کمانڈر بھی مارے جائیں پھربھی، حتی کہ اگر امریکہ ایران پر ایٹم بم برسا دے تو بھی یہ لڑائی ختم نہیں ہوگی۔اس کے پیچھے ایک حیرت انگیز دفاعی حکمت عملی ہے۔ اور یہ اسی کی کہانی ہے۔   ’’ امت ڈیجیٹل‘‘ کے گروپ ایڈیٹر سجادعباسی نے تازہ وی لاگ میں اس کہانی کوبیان کیا ہے۔   سال 2003 تھا۔ تہران کے فوجی دفاتر میں ایرانی جرنیل ٹی وی اسکرینوں پر نظریں جمائے بیٹھے تھے۔ انہوں نے دیکھا کہ صدام حسین کی وہ فوج، جسے دنیا کی طاقتور ترین افواج… مزید پڑھیں
Tuesday, 17 March 2026 – 16:25 #
ایرانی حملوں سے خلیجی ملکوں میں اموات کی تفصیلات سامنے آگئیں
  ایران کے حملوں سے خلیجی ممالک میں اموات کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ،اب تک خلیج میں30 تا 40 افراد جنگی کارروائیوں کاایندھن چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات (UAE) میں 8 اموات کی تصدیق ہو ئی جن میں شہری اور فوجی اہلکار دونوں شامل ہیں۔کویت میں 12 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں ایک فوجی تنصیب پر حملے میں ہلاک 6 امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔عمان میں 5 اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔سعودی علاقے الخرج میں ایک پروجیکٹائل (میزائل یا گولہ) لگنے سے 2 اموات ہوئیں۔بحرین میں 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔   خلیجی خطے میں ایرانی… مزید پڑھیں
Tuesday, 17 March 2026 – 15:29 #
قتل کے دعوؤں کے بعد ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کا تحریری پیغام جاری

تہران — اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کو قتل کیے جانے کے دعوے کے بعد ایرانی سرکاری میڈیا نے ان کا ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام جاری کر دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جاری کیے گئے نوٹ میں علی لاریجانی نے ایرانی بحریہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو عالمی طاقتوں کے خلاف جاری جدوجہد کا اہم حصہ قرار دیا۔

اپنے پیغام میں علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں ہمیشہ ایرانی قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان قربانیوں سے مسلح افواج کے ڈھانچے کو مزید مضبوطی ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی قیادت نے موجودہ صورتحال میں امن مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ امن کا مناسب وقت نہیں اور امریکا اور اسرائیل کو شکست دینا ہوگی۔

عہدیدار کے مطابق ایرانی قیادت نے دو ثالث ممالک کی جانب سے بھیجی گئی تجاویز کو بھی مسترد کر دیا ہے، جبکہ ایران کے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال بدستور حساس ہے اور عالمی برادری کی نظریں اس پیش رفت پر مرکوز ہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 15:22 #
آبنائے ہرمز میں نیا سمندری راستہ سامنے آ گیا، ایرانی منظوری لازمی قرار

تہران / مسقط ۔۔آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے لیے ایک نیا حساس سمندری راستہ سامنے آیا ہے جس سے گزرنے کے لیے جہازوں کو ایرانی حکام کی منظوری حاصل کرنا لازمی قرار دی جا رہی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے بلوم برگ کے مطابق یہ نظام ایک غیر رسمی میرین ٹریفک کنٹرول طریقہ کار کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے جہازوں کی نقل و حرکت کو زیادہ منظم اور محفوظ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستانی آئل ٹینکرز نے ایرانی ساحل کے قریب اس راستے سے گزر کر اسے علامتی اہمیت دے دی ہے۔ اس نئے راستے کی اہمیت خاص طور پر جزیرہ لارک اور قشم جزیرے کے درمیان واضح ہوئی ہے، جہاں سے گزرنا اب کئی جہازوں کے لیے ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس راستے سے گزرنے کے لیے تہران کی جانب سے سیاسی گرین سگنل درکار ہوگا تاکہ جہاز محفوظ انداز میں سفر مکمل کر سکیں۔

دوسری جانب بین الاقوامی بیمہ کمپنیوں اور بینکوں نے اس نئے نظام اور خطے میں بڑھتے خطرات پر تشویش ظاہر کی ہے، کیونکہ ایرانی منظوری کے بغیر جہازوں کی نقل و حرکت مشکل ہو سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بھارت، ترکی اور دیگر کئی ممالک نے بھی ایران سے محفوظ سمندری راہداری کی درخواستیں کی ہیں تاکہ خطے میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 15:16 #
آبنائے ہرمز سے گزرنے والا پہلا پاکستانی جہازملکی سمندری حدود میں داخل
کراچی، آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرنے کے بعد پاکستانی بحری جہاز ایم ٹی کراچی خلیج عمان سے ہوتا ہوا بحیرہ عرب میں داخل ہو گیا ہے اور اب پاکستان کی سمندری حدود میں پہنچ چکا ہے۔ حکام کے مطابق یہ جہاز 18 مارچ کو کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں تقریباً آٹھ کروڑ لیٹر خام تیل موجود ہے۔ اطلاعات کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے جہاز کو ایرانی حکام کی جانب سے خصوصی اجازت دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایم ٹی کراچی نے اس سفر کے دوران ایرانی سمندری حدود… مزید پڑھیں
Tuesday, 17 March 2026 – 14:52 #
اسرائیلی وزیر خارجہ کا ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کو شہید کرنے کا دعویٰ
تل ابیب / تہران — اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے کیے گئے حملوں کے دوران ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی کو شہید کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطابق یہ کارروائی حالیہ فضائی حملوں کے دوران کی گئی، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ اس سے قبل اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے علی لاریجانی کو نشانہ بنایا ہے، لیکن ابتدائی اطلاعات میں یہ واضح نہیں ہو سکا تھا کہ وہ شہید ہوئے ہیں یا زخمی۔ دوسری… مزید پڑھیں
Tuesday, 17 March 2026 – 14:43 #
ایران کی اسرائیل پر میزائل حملوں کی 57 ویں لہر

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے منگل کو اعلان کیا کہ انہوں نے آپریشن “وعدہ صادق 4” کی 57ویں لہر کے تحت اسرائیلی زیرِ قبضہ علاقوں کے اندر گہرائی تک اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

آئی آر جی سی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس مرحلے میں میزائل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز سے متعلق مواصلاتی انفراسٹرکچر اور میزائل دفاعی نیٹ ورکس کو جدید اور انتہائی درست ہدف کو نشانہ بنانے والے ہتھیاروں کے ذریعے تباہ کیا گیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 13:36 #
برٹش ایئرویز نے مشرق وسطیٰ کے بعض روٹس جون تک معطل کر دیے

امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے پیدا ہونے والے تنازع کے بعد برٹش ایئرویز نے مشرق وسطیٰ کے کچھ روٹس جون تک منسوخ کر دیے ہیں۔

امان، بحرین، دبئی اور تل ابیب کے لیے پروازیں 31 مئی تک عارضی طور پر منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دوحہ کے لیے پروازوں کی معطلی 30 اپریل تک جاری رہے گی۔

برٹش ایئرویز کے ترجمان نے کہا: ’مشرق وسطیٰ میں صورتحال کی مسلسل غیر یقینی اور فضائی حدود میں عدم استحکام کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔‘

Tuesday, 17 March 2026 – 13:21 #
جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے اور شدید گولہ باری کی اطلاعات

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے ضلع نباطیہ کے علاقے قاقعیۃ الجسر پر دو فضائی حملے کیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوب مشرقی لبنان میں واقع شبعا کے مضافاتی علاقوں کو بھی شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 13:19 #
ایران کے سیکورٹی چیف پر حملے کا اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سیکورٹی چیف علی لاریجانی پر حملہ کیا گیا ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی

Tuesday, 17 March 2026 – 13:07 #
ایران کے متعدد شہروں پر بمباری، معصوم بچے بھی جاں بحق

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ میں شدت بدستور بڑھتی جا رہی ہے۔
مختلف شہروں پر ہونے والے حملوں میں عام شہری ہلاک ہو رہے ہیں، جن میں شہر اراک میں ایک نوزائیدہ بچہ اور اس کی دو سالہ بہن بھی شامل ہیں۔

بریکنگ | Tuesday, 17 March 2026 – 12:43 #
افزودہ ایرانی یورینیم قبضے میں لینے کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا کمانڈوآپریشن کرنے کی تیاری
  ایران سے افزوہ یورینیم قبضے میں لینے کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا کمانڈوآپریشن کرنے کی امریکی اور اسرائیلی تیاریوں کا انکشاف ہواہے۔امریکی جریدہ’’وال اسٹریٹ جرنل‘‘ نےسیکورٹی ماہرین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ایرانی افزودہ یورینیم کے ذخیرے پر قبضہ کرنے کے لیے ایک فوجی آپریشن کی ضرورت ہوگی جو تاریخ کا سب سے بڑا اسپیشل فورسز آپریشن ہوگا۔   نیٹو کے سابق کمانڈر جیمز اسٹاوِریڈِس نے بتایاکہ یورینیم پر قبضہ کرنے کے لیے ایک بڑے آپریشن کی ضرورت ہوگی،اور یہ تاریخ کی سب سے بڑی اسپیشل آپریشنز فورسزہو سکتی ہیں۔ روزنامے نے سابق فوجی حکام… مزید پڑھیں
Tuesday, 17 March 2026 – 12:41 #
عراق اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی گزرگاہ پر مفاہمت

عراق کے وزیرِ تیل حیان عبدالغنی نے کہا ہے کہ عراق نے اپنے تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت کے معاملے پر ایران کے ساتھ ایک مفاہمت حاصل کر لی ہے۔

ادھر گزشتہ روز عباس عراقچی نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز “کھلی ہے، لیکن ہمارے دشمنوں کے لیے بند ہے۔”

Tuesday, 17 March 2026 – 11:49 #
جنگ کے باعث نئے مہاجرین بحران کا خدشہ۔ ایران کے پڑوسی ممالک الرٹ

ایران جنگ شروع ہونے کے اٹھارہ دن بعد امدادی اداروں اور ایران کے پڑوسی ممالک کو اس بات پر بڑھتی ہوئی تشویش ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ ایک بڑے مہاجرین بحران کو جنم دے سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کے اندازے کے مطابق 28 فروری کے بعد ایران میں اب تک تقریباً 32 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ فی الحال ایران کی سرحدیں عبور کرنے والے افراد کی تعداد نسبتاً کم ہے، تاہم آئندہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ایران کے پڑوسی ممالک ہائی الرٹ پر ہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 11:34 #
ایران کے شمال مشرق میں جاسوسی کے الزام میں 10 غیر ملکی گرفتار

پاسدارانِ انقلاب نے ایران کے شمال مشرقی علاقے میں حساس مقامات سے متعلق معلومات جمع کرنے اور کارروائیوں کی تیاری کے شبے میں دس غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار افراد پر حساس تنصیبات کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے اور ممکنہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

گرفتار کیے گئے افراد کی قومیت کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 11:26 #
ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی جاں بحق

ابوظہبی میں سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ گذشتہ رات شارپنل لگنے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ’ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے بیلسٹک میزائل کو روکنے‘ کے بعد پیش آیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 09:54 #
قطر کے صنعتی علاقے میں میزائل کے ٹکڑے گرنے سے آگ کی اطلاع

قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق سول ڈیفنس کے اہلکار ایک صنعتی علاقے میں “محدود آگ” پر قابو پا رہے ہیں، جو ایک روکے گئے میزائل کے ٹکڑوں کے گرنے سے لگی۔

وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

قطر کی وزارت دفاع نے اس سے قبل تصدیق کی تھی کہ ایک میزائل حملہ روکا گیا ہے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 09:26 #
بغداد میں ایرانی فورس کے ہیڈکوارٹر پر فضائی حملہ۔ 2افراد ہلاک

بغداد کے جدیریہ علاقے میں ایران کے حمایت یافتہ عوامی موبلائزیشن فورسز کے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال ہونے والے ایک مکان کو دو ہوائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے۔

جدیریہ علاقے میں ایک مکان پر حملے کے بعد دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 08:53 #
متحدہ عرب امارات نے میزائل اور ڈرون حملے کی وارننگ دے دی

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق ملک کی فضائی دفاعی نظام فی الحال ایران کی جانب سے آنے والے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنا رہی ہے۔

وزارت دفاع نے بتایا کہ جو زور دار آوازیں سنی جا رہی ہیں وہ “فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائل اور ڈرون کو روکے جانے” کی وجہ سے ہیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 08:44 #
تہران کے وسطی علاقے کے نزدیک متعدد دھماکوں کی اطلاع

تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایرانی دارالحکومت میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

غیر ملکی ریڈیو کے مطابق تہران کے وسطی علاقے کے نزدیک اندرزگو محلے میں ایک زوردار دھماکہ ہوا۔

منگل کی صبح کے ابتدائی گھنٹوں میں تہران کے کامرانیہ محلے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی نیم فوجی بسیج فورس کے ایک ٹھکانے پر بھی حملہ کیا گیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 08:40 #
ایران کے متحدہ عرب امارات پر متعدد حملے

جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایرانی فوج نے متحدہ عرب امارات پر 1900 سے زیادہ میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

ایران کا ہدف امارات کی ٹرانسپورٹ اور تیل کی تنصیبات رہی ہیں۔

پیر کے روز دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ’ڈرون سے متعلقہ واقعہ‘ کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور پروازیں عارضی طور پر معطل رہیں۔ یہ بین الاقومی سفر کے لیے سب سے مصروف مرکز ہے۔

فجیرہ کی اہم بندرگاہ میں بھی ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی، یہاں خطے میں تیل ذخیرہ کرنے والی سہولیات میں سے ایک واقع ہے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 08:16 #
یورپی یونین کا بھی ایران کیخلاف جنگ میں شمولیت سے انکار

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یورپی یونین آبنائے ہرمز میں کسی بھی آپریشن میں حصہ نہیں لے گی۔
یورپی یونین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتکاری کو ہی بہترین راستہ قرار دیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 08:00 #
برطانیہ ایران کے خلاف وسیع جنگ کا حصہ نہیں ہوگا۔ کیئر سٹارمر

برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے خلاف وسیع جنگ کا حصہ نہیں ہونگے، ہم اس مسئلے کے تیزتر حل کیلئے کام کرتے رہیں گے۔

کیئر سٹارمر کا کہناتھا کہ جنگ کے بعد ہمیں ایران کے ساتھ معاہدے کی ضرورت ہوگی، آبنائے ہرمز کو کھولنا کوئی سادہ کام نہیں ہے، سمندری آمدورفت کو بحال کرنے کیلئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کمپنیوں کو بچتے صارفین تک منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے

Tuesday, 17 March 2026 – 07:54 #
خلیج عمان میں فجیرہ کے قریب ٹینکر پر حملہ

خلیج عمان میں فجیرہ کے مشرق میں 23 سمندری میل (42.5 کلومیٹر) کے فاصلے پر لنگر انداز ایک ٹینکر پر حملہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا ہے، لیکن عملے کو کوئی چوٹ نہیں لگی اور ماحولیات پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 07:36 #
اسرائیلی جنگی طیاروں کے جنوبی لبنان پر فضائی حملے

اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے مختلف شہروں اور قصبوں پر صبح کے وقت متعدد فضائی حملے کیے ہیں، جن میں طیبہ کے قصبے پر حملہ بھی شامل ہے۔ اس حملے کے دوران شدید توپ خانے کی گولہ باری بھی کی گئی۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے مجادل اور زبقین کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔

بعد ازاں حملوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے یاتر اور کفرہ کے علاقوں کو بھی فضائی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 07:30 #
مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی: سینکڑوں فلپائنی شہریوں کی واپسی شروع

فلپائنی کی حکومت کا کہنا ہے کہ جاری جنگی صورتحال کے باعث حالیہ دنوں میں مشرقِ وسطیٰ میں مقیم سینکڑوں فلپائنی شہریوں کو وطن واپس منتقل کیا گیا ہے، جن میں ایران میں رہنے والے افراد بھی شامل ہیں۔

تہران میں فلپائنی ایمبیسی کے مطابق 16 فلپائنی شہری ایران سے ترکیہ کے راستے روانہ ہوئے، جن میں سے 14 افراد منگل کو منیلا واپسی کے لیے سنگا پورکے ذریعے سفر کر رہے تھے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 07:19 #
سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں 6 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے ترجمان کے مطابق مملکت کے مشرقی علاقے میں آنے والے 6 ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ڈرونز کو بروقت نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا جس کے باعث کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

حکام کی جانب سے واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

Tuesday, 17 March 2026 – 07:13 #
بغداد میں ایرانی حمایت یافتہ فورس کے ہیڈکوارٹر پر فضائی حملہ، ہلاکتوں کی اطلاعات

عراق کے دارالحکومت بغداد کے جدیریہ ضلع میں ایران کی حمایت یافتہ پاپولر موبلائزیشن فورسز کے زیرِ استعمال ایک مکان کو دو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ادھر جدیریہ کے علاقے میں ایک مکان پر حملے کے بعد دو زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حملے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے

Tuesday, 17 March 2026 – 07:08 #
اسرائیل کا تہران پر حملوں کی “بڑی لہر” شروع کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران میں مختلف تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے حملوں کی ایک بڑی لہر شروع کر دی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق تازہ حملوں میں تہران میں موجود انفراسٹرکچر اور حکومتی تنصیبات کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی حکام نے مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں، تاہم کہا گیا ہے کہ کارروائی جاری ہے اور مزید معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔

بریکنگ | Tuesday, 17 March 2026 – 06:32 #
متحدہ عرب امارات: فجیرہ آئل انڈسٹری زون پر ڈرون حملہ، آگ بھڑک اٹھی

متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں قائم آئل انڈسٹری زون میں ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی ہے۔

فجیرہ حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم ڈرونز نے آئل انڈسٹری زون کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تنصیبات کے ایک حصے میں آگ لگ گئی۔

حکام نے بتایا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

فجیرہ دبئی سے تقریباً 150 کلومیٹر مشرق میں واقع اہم تیل ذخیرہ اور برآمدی مرکز سمجھا جاتا ہے۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم فوری طور پر حملے کے ذمہ داروں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Tuesday, 17 March 2026 – 06:32 #
تہران کے شمالی علاقے میں دھماکوں کی آوازیں، سعدآباد محل کے قریب زور دار دھماکے

تہران کے شمالی حصے میں، سعدآباد پیلس کمپلیکس کے قریب کئی بڑے دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

تہران میں غیر ملکی صحافی کے مطابق حالیہ دھماکوں کی نوعیت ابھی واضح نہیں ہو سکی، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی آوازیں سابق شاہی محل کے قریب سے سنائی دیں۔

اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فضائی حملوں میں خراج، شہریار اور شیراز کی جانب کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

Tuesday, 17 March 2026 – 03:43 #
جنگ جلد ختم ہوگی، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران ایران کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی عسکری صلاحیت کو بڑے پیمانے پر تباہ کر دیا گیا ہے اور امریکا ہزاروں اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ جلد ختم ہوگی وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اب تک ایران میں تقریباً 7 ہزار اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے جبکہ کارروائیوں کے دوران 100 سے زیادہ بحری جہازوں کو تباہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی… مزید پڑھیں