جنگ کا 18 واں روز: فجیرہ میں ڈرون حملہ- ابوظہبی میں پاکستانی جاں بحق

ایران جنگ کے حوالے سے تازہ ترین اپ ڈیٹس

               
March 17, 2026 · Live

ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائلوں کا 57 واں حملہ منگل 17 مارچ کو شروع ہوا۔ میزائل داغنے کے بعد ایک لانچر اہلکار ہاتھ فضا میں بلند کیے ہوئے ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 23:45 #
میں زندہ ہوں، نیتن یاہو نے ایک اور ویڈیو جاری کردی

تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک اور ویڈیو جاری کردی ۔

 

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے زندہ اور سلامت ہونے سے متعلق ایک اور ویڈیو جاری کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس ‘‘ پر جاری نئی ویڈیو میں اسرائیلی وزیراعظم کسی تفریحی مقام پر موجود ہیں۔

نیتن یاہو نے گذشتہ اپنی کافی پیتے ہوئے ویڈیو جاری کی تھی، ویڈیوز کا اجرا ءسوشل میڈیا پر پھیلی ان خبروں کے جواب میں ہے کہ نیتن یاہو شاید ایرانی حملے کا نشانہ بن چکے ہیں۔

Monday, 16 March 2026 – 23:21 #
اسرائیل کا جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن شروع، حزب اللہ سے شدید جھڑپیں

بیروت: اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے دستوں نے جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جہاں حزب اللہ کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ لڑائی خاص طور پر جنوبی لبنان کے اہم شہر خیام کے اطراف میں شدت اختیار کر گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے خيام شہر پر کم از کم تین فضائی حملے کیے، جبکہ پیر کی صبح قصبہ یطار کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ فوری طور پر جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں السوانہ، قنطارا، کرقا، سلطانیہ اور برج القلاویہ پر بھی حملے کیے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق حالیہ کارروائیوں کا مقصد جنوبی لبنان میں اہم اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے دفاعی پوزیشن کو مضبوط بنانا اور حزب اللہ کے عسکری ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی حملوں کے باعث جنوبی لبنان کے کئی علاقوں سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی جاری ہے اور اب تک تقریباً آٹھ لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق لبنان میں جاری حملوں میں اب تک کم از کم 850 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں درجنوں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

Monday, 16 March 2026 – 23:13 #
ایران نے جنگ پر پڑوسی ممالک سے واضح موقف مانگ لیا

تہران: ایران نے امریکا کے حملوں سے متعلق پڑوسی ملکوں سے ان کا واضح موقف مانگ لیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اسرائیل کی بمباری سے 200 سے زائد بچے اور سیکڑوں شہری شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ رپورٹس کے مطابق امریکی افواج کی میزبان ریاستیں قتل عام کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ان پڑوسی ریاستوں کو اپنا موقف فوری واضح کرنا چاہیے۔دوسری جانب ایران کے سیکیورٹی چیف علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 22:26 #
مسلم دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس طرف ہیں، ایران کا پیغام

تہران: ایران نے امریکہ کے حملوں سے متعلق پڑوسی ملکوں سے ان کا واضح موقف مانگ لیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ اسرائیل کی بمباری سے 200 سے زائد بچے اور سینکڑوں شہری شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کچھ رپورٹس کے مطابق امریکی افواج کی میزبان ریاستیں قتل عام کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ان پڑوسی ریاستوں کو اپنا موقف فوری واضح کرنا چاہیے۔

دوسری طرف ایران کے سیکیورٹی چیف علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ اور اسرائیل کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک سے سوال کیا کہ وہ کس طرف ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق ایران کے سیکیورٹی چیف علی لاریجانی نے مسلم ممالک کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ایران اپنی جدوجہد میں ڈٹ کر کھڑا ہے، مسلم دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس طرف ہیں۔لاریجانی نے کہا کہ جب ایران پر حملہ ہوا تو مسلم اکثریتی ممالک کی طرف سے حمایت نہ ملنے پر افسوس ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ ہاتھ باندھے خاموش کھڑا رہے۔لاریجانی نے کہا آج کی اصل لڑائی میں امریکہ اور اسرائیل ایک طرف اور ایران و مزاحمتی قوتیں دوسری طرف ہیں تو پھر آپ کس طرف ہیں؟ایرانی رہنما نے مسلم اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے پر تسلط قائم کرنے کا خواہاں نہیں بلکہ امت مسلمہ کو متحد دیکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہاآپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ امریکہ اور اسرائیل آپ کے وفادار نہیں، درحقیقت یہ آپ کا دشمن ہیں۔

Monday, 16 March 2026 – 22:23 #
جنگ جاری رکھنی یا ترک کرنی ہے، ٹرمپ کو کوئی ایک فیصلہ کرنا ہو گا، نیویارک ٹائمز

نیویارک: ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی مشرق وسطیٰ کی جنگ اب تیسرے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ کو اب جنگ جاری رکھنے یا اسے ترک کرنے کے فیصلوں میں سے کوئی ایک فیصلہ کرنا ہے۔
اخبار نے لکھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ کیا وہ اپنے ہی طے کردہ انتہائی مشکل اور سخت اہداف کے حصول کے لیے جنگ جاری رکھتے ہیں یا پھر تیزی سے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیتے اس تنازع سے نکلنے کی کوئی کوشش کرتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر یہ جنگ ایک کمزور دشمن کے خلاف شروع کی تھی، لیکن آج اس جنگ کی بڑی بھاری معاشی قیمت امریکا اور اتحادی بھر رہے ہیں۔ایران میں حکومت کی تبدیلی کا ہدف تاحال پورا نہیں ہوا۔ صرف میزائل کے ایرانی ٹھکانوں، فضائی دفاعی نظام اور ایرانی بحریہ کو نشانہ بنایا گیا، آیت اللّٰہ علی خامنہ ای تو قتل ہوگئے لیکن ان کا نظریہ قائم ہے۔ مجتبی خامنہ ای نئے سپریم لیڈر ہیں۔ طاقتور پاسداران انقلاب سائبر اٹیکس بھی کر رہی ہے، آبی سرنگیں بھی بچھا رہی ہے۔

عراق کے سابق وزیر خارجہ ہوشیار زیباری کا کہنا ہے کہ یہ جنگ ٹیکنالوجی اور آئیڈیالوجی کی ہے۔ دبے ہوئے اور مزاحمت کرتے ایرانی پر عزم ہیں۔ وہ لڑ رہے ہیں، کیوں کہ ان کے لیے یہ بقا اور فنا کا معاملہ ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق ٹرمپ نے یہاں جنگ چھوڑی تو ایران ایک بار پھر 10 یا زیادہ ایٹمی ہتھیار بنانے کی پوزیشن میں ہوگا۔امریکی اخبار کے مطابق امریکی حکام اب یہ مان رہے ہیں کہ انہوں نے آبنائے ہرمز بند کرنے، عالمی معیشت پر اثر انداز ہونے اور خطے میں لڑائی پھیلانے کی ایرانی طاقت کو کم جانا تھا۔نیو یارک ٹائمز نے لکھا کہ اوول آفس میں جب ٹرمپ نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے پوچھا کہ امریکا آبنائے ہرمز کو فوری کیوں نہیں کھول سکتا؟ جنرل کا جواب سیدھا تھا کہ اگر صرف ایک ایرانی فوجی یا ملیشیا کا رکن ہُرمُز کی تنگ آبنائے میں اسپیڈ بوٹ لے کر آجائے تو وہ کسی بھی سپر ٹینکر کو آسانی سے موبائل میزائل سے ہدف بنا سکتا ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 22:14 #
ایران جنگ سے برطانیہ میں ایک لاکھ افراد کے بےروزگار ہونے کا خشہ

لندن: ایران جنگ کے برطانوی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں برس دو مرتبہ شرح سود میں کمی کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔ ماہر اقتصادیات کیمز اسمتھ کے مطابق جنگ تین ماہ جاری رہے تو توانائی کے اخراجات سے نمٹنے کیلئے ورکرز چھٹی کریں گے۔

ماہر اقتصادیات کیمز اسمتھ کے مطابق اداروں کے مالکان نئی بھرتیاں بھی روک سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں بے روزگاری کی شرح پہلے ہی پانچ سال کی بلند ترین سطح 5.2 فیصد پر پہنچ چکی ہے، جنگ تین ماہ اور چلی تو بے روزگاری کی شرح 5.5 فیصد ہوجائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین کا خیال تھا کہ رواں برس دو مرتبہ شرح سود میں کمی سے معیشت کو سہارا ملتا۔

Monday, 16 March 2026 – 22:02 #
ٹرمپ کا 100 زیادہ ایرانی بحری جہازوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ

واشنگٹن: صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں تقریب کے دوران مختصراً ایران میں جاری جنگ کے حوالے سے بات کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی فوجی صلاحیت ’تباہ‘ کر دی گئی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ اس جنگ میں اب تک 7 ہزار اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے اور 100 سے زیادہ بحری جہازوں کو تباہ کر چکا ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی عسکری صلاحیتوں کو ’عملی طور پر تباہ‘ کر دیا گیا ہے، ان کی فضائیہ، بحریہ اور رہنما ختم ہو چکے ہیں اور ان کی اینٹی ایئر کرافٹ ٹیکنالوجی بھی ’بری طرح تباہ‘ ہو چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل ’وہ کر رہے ہیں جو برسوں پہلے ہو جانا چاہیے تھے۔‘

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے پیر کو ایسی تین تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جہاں میزائل اور ڈرون بنائے جا رہے تھے۔

ٹرمپ کے مطابق امریکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کی ایرانی صلاحیت کو ’بری طرح نقصان‘ پہنچا رہا ہے۔‘

امریکی صدر کے مطابق انھیں نہیں معلوم کہ ایران نے سمندر میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں یا نہیں لیکن امریکہ نے اس کام پر مامور ایران کے 30 جہازوں کو تباہ کر دیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم ایران کو ٹھکانے لگا چکے ہیں‘ اور دیگر ممالک کو چاہیے کو وہ ’آگے آئیں اور آبنائے ہرمز (کو کھلوانے) کے لیے مدد فراہم کریں۔‘

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ متعدد ممالک ان کی مدد کے لیے آگے آر ہے ہیں۔

تاہم امریکی صدر نے ان ممالک کا نام لینے سے اجتناب کیا اور کہا: ’میں ان کے نام لینا چاہوں گا لیکن مجھے نہیں معلوم کہ وہ ایسا چاہیں گے یا نہیں کیونکہ شاید وہ (اس جنگ میں) نشانہ نہیں بننا چاہیں گے۔

Monday, 16 March 2026 – 20:56 #
بہتری کی امید پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد کمی ہو گئی

نیو یارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ یہ کمی ان توقعات کے بعد سامنے آئی ہے کہ تزویراتی طور پر اہم ترین آبی گزرگاہ، آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) سے تیل بردار جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ دوبارہ بحال ہو سکتا ہے۔

امریکی خام تیل (WTI): امریکی بینچ مارک ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 5 فیصد سے زائد کمی کے بعد 93.37 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

برینٹ کروڈ (Brent): عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کے تعین کے لیے استعمال ہونے والے برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت 2 فیصد سے زائد کمی کے ساتھ 100.28 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

بحری ٹریفک کی نگرانی کرنے والے ادارے ‘مانیٹر میرین ٹریفک’ کے مطابق، پیر کے روز ایک پاکستانی آئل ٹینکر نے اپنا آٹومیٹک ٹرانسپونڈر سسٹم (AIS) فعال رکھتے ہوئے آبنائے ہرمز سے کامیاب ٹرانزٹ کیا۔ اس پیش رفت کو مارکیٹ کے تجزیہ کاروں نے ایک مثبت اشارے کے طور پر لیا ہے، جس سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اس اہم راستے پر مکمل تعطل اب ختم ہو سکتا ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 20:52 #
اردن: میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات

اربد شمالی اردن : الجزیرہ عربی کے مطابق میزائلوں کے ٹکڑے اور ملبہ اربد شہر کے چار مختلف مقامات پر گرا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ان واقعات میں ایک بچہ معمولی زخمی ہوا ہے جسے فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔

اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘پترا’ (Petra) نے ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس کے اہم نکات درج ذیل ہیں:

مجموعی واقعات: 28 فروری کو جنگ کے آغاز سے اب تک ملک بھر میں میزائلوں کے ٹکڑے گرنے کے مجموعی طور پر 356 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

Monday, 16 March 2026 – 20:49 #
دبئی ایئرپورٹ کے قریب فیول ٹینک میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، پروازیں مرحلہ وار بحال

ابو ظہبی: دبئی حکام نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ڈرون حملے کے نتیجے میں فیول ٹینک میں لگنے والی آگ پر مکمل قابو پانے کا اعلان کر دیا ہے۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا، جس کے بعد اب وہاں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

حملہ اور کارروائی: پیر کی علی الصبح دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کے قریب ایک فیول ٹینک کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور آسمان پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

جانی نقصان: دبئی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

پروازوں کی معطلی: حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی تھی اور متعدد پروازوں کو ‘آل مکتوم ایئرپورٹ’ کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔

میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے اور صورتحال مستحکم ہونے کے بعد پروازوں کا سلسلہ مرحلہ وار دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، تاہم مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔

Monday, 16 March 2026 – 19:13 #
ایران حملے روک دے تو سفارت کاری کے ذریعے کوئی راستہ نکال سکتے ہیں ، قطر

دوحہ: قطر کا کہنا ہے کہ سفارت کاری تبھی ممکن ہے اگر ایران حملے کرنا بند کر دے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا کہنا ہے کہ ’اگر وہ حملے روک دیتے ہیں، تو ہم سفارت کاری کے ذریعے کوئی راستہ نکال سکتے ہیں۔ لیکن جب تک ہمارے ممالک پر حملے ہوتے رہیں گے، تو یہ کمیٹیاں قائم کرنے کا وقت نہیں ہے۔‘

’یہ وقت ہے کہ ہم اپنے ممالک کی حفاظت کے لیے ایک اصولی موقف اختیار کریں اور ان کے لیے کہ وہ فوری طور پر ہم پر حملے کرنا بند کر دیں۔‘

ماجد الانصاری نے جس کمیٹی کا حوالہ دے رہے ہیں اس کی کی تجویز ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دی تھی تاکہ خلیجی ریاستوں میں شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کی تحقیقات کی جا سکے۔ ایران ان حملوں کی تردید کرتا آیا ہے۔ ماجد الانصاری اس بات صاف طور پر مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک شہری اہداف پر حملے اور ان کے خلاف دھمکیوں کا سلسلہ رکا نہیں ہے۔ انھوں نے سنیچر کے روز داغے گئے ایک میزائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا نشانہ دوحہ کا ایک رہائشی علاقہ تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت انخلا کے احکامات جاری کرنے کا فیصلہ جزوی طور پر ایرانی میڈیا میں چلنے والی ان خبروں کے بعد کیا گیا تھا جن میں انتباہات کی وجہ سے تھا کہ رہائشی اور تجارتی علاقوں میں واقع مخصوص کمپنیوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ان علاقوں میں گوگل، امریکن ایکسپریس اور مائیکروسافٹ جیسی امریکی کمپنیوں علاقوں دفاتر واقع تھے۔

Monday, 16 March 2026 – 17:58 #
لاہور سے دبئی جانے والی اماراتی ایئرلائن کی پرواز راستے سے واپس آگئی

لاہور سے دبئی جانے والی اماراتی ایئرلائن کی پرواز راستے سے واپس آگئی۔

بتایا گیا ہے کہ اماراتی ایئر لائنز کی پرواز میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔

ادھر دبئی حکام کے مطابق ایئر پورٹ پر ڈرون حملے نے ایندھن کے ٹینک کو نشانہ بنایا تھا‏، ٹینک میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا، کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

میڈیا آفس دبئی کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی اقدام کے طور پر دبئی ایئر پورٹ سے پروازوں کو عارضی طور پر معطل کیا۔

Monday, 16 March 2026 – 17:36 #
ایران کا پاکستان کی طرح ترکی سے بھی اظہارِ تشکر

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی طرح ترکی کی جانب سے ملنے والی حمایت پر بھی اظہارِ تشکر کیا ہے۔

عراقچی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ترکی زبان میں جاری کی گئی ایک پوسٹ کو ترکی کے ذرائع ابلاغ نے نمایاں طور پر نشر کیا۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ برادر ترک قوم اور دوست ترک حکومت کی طرف سے ایرانی عوام کے لیے کی جانے والی دعائیں اور اظہارِ یکجہتی ان کے لیے طاقت اور حوصلے کا بڑا ذریعہ ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشکل حالات میں ترکی کی جانب سے سامنے آنے والی حمایت کو ایران قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو اہم قرار دیتا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ عراقچی نے اب تک صرف پاکستان اور ترکی کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کی قومی زبانوں میں ٹوئٹس کی ہیں۔ اس سے پہلے عراقچی نے عربی میں ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ عرب اور ایرانی بھائیوں کی طرح رہے ہیں لیکن امریکہ اور اسرائیل نے جارحیت کی جب کہ ایران کا جواب امریکی اڈوں کیخلاف ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 17:16 #
یو اے ای میں عمارت پر ڈرون حملہ، آگ پر قابو پا لیا گیا

ام القوین:متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القوین میں ایک عمارت کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس سے وہاں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا ہے۔

حملے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ام القوین میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ متعلقہ ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔

Monday, 16 March 2026 – 17:06 #
اسرائیلی فوج کا علی خامنہ ای کے طیارے کو تباہ کرنے کا دعویٰ

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گذشتہ رات تہران کے مہر آباد ہوائی اڈے پر حملے کے دوران ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کے زیر استعمال طیارے کو تباہ کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اس طیارے کو ایران کے دیگر اعلیٰ حکام اور فوجی اہلکاروں کی جانب سے ہتھیاروں کی خریداری اور اتحادی ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج کے لیے ایران میں اہم اہداف میں سے ایک میزائل لانچر ہیں۔ ایک اسرائیلی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک 70 فیصد میزائل لانچرز کو یا تو تباہ کیا جا چکا ہے یا پھر وہ استعمال کے قابل نہیں رہے۔

بریکنگ | Monday, 16 March 2026 – 15:30 #
امریکی و اسرائیلی جارحیت کے دوران ایرانی وزیر خارجہ کا پاکستان سے اظہار تشکر

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ جارحیت کے تناظر میں ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اردو میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ ان “بابرکت، الٰہی اور روحانی دنوں اور گھڑیوں” میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے امریکا اور صہیونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس جدوجہد میں اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسہ کرتے ہوئے اپنے قومی مفادات اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 14:10 #
پاکستان کا بحری آئل ٹینکر محفوظ طور پر آبنائے ہرمز سے نکل آیا

کراچی: بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کا خام تیل سے لدا بحری ٹینکر ابنائے ہرمز سے بغیر کسی حادثے کے محفوظ طور پر نکل آیا ہے اور پاکستان کی طرف روانہ ہو رہا ہے۔ جہاز سے حاصل کردہ تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق، یہ ٹینکر ان بحری جہازوں میں تازہ ترین ہے جو ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد خلیج فارس سے روانہ ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، کراچی کے زیر کنٹرول نیشنل شپنگ کارپوریشن کا یہ Aframax ٹینکر اتوار کے روز خطرناک سمندری راستے سے گزرا اور پیر کی صبح عمان کے ساحلی پانیوں میں دیکھا گیا۔

Monday, 16 March 2026 – 12:26 #
بغداد ائیرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ۔10امریکی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ 

عراقی مزاحمتی تنظیم نے بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب وکٹوریہ بیس پر ڈرونز اور راکٹوں سے حملہ کردیا۔

روسی ٹی وی کے مطابق حملے میں 10 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔ تاہم ابھی تک آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہ ہوسکی۔ الجزیرہ کے مطابق وکٹوریہ بیس پر ڈرون حملے کےبعد آگ بھڑک اٹھی اور ابتدائی طور پر 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات تھیں۔ عراقی مزاحمتی تنظیم نے گزشتہ روز بھی وکٹوریہ بیس پر ڈرون حملے کی ویڈیو جاری کی تھی۔

Monday, 16 March 2026 – 12:18 #
اصفہان پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 15 افراد شہید

امریکی اور ایرانی طیاروں نے ایرانی شہر اصفہان اور شیراز کو میزائلوں اور بموں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 15 افراد شہید ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی میزائلوں حملوں سے ایران کے خلائی ریسرچ مرکز کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب 28 فروری سے اب تک ایران پر ہونے والے حملوں سے شہدا کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 12:18 #
اصفہان پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 15 افراد شہید

امریکی اور ایرانی طیاروں نے ایرانی شہر اصفہان اور شیراز کو میزائلوں اور بموں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 15 افراد شہید ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی میزائلوں حملوں سے ایران کے خلائی ریسرچ مرکز کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب 28 فروری سے اب تک ایران پر ہونے والے حملوں سے شہدا کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 10:24 #
سعودی فورسز نے آج درجنوں ڈرونز مارگرائے

سعودی فورسز نے آج درجنوں ڈرونز مارگرائے.سعودی وزارت دفاع کے مطابق صبح سے اب تک ڈرون حملوں کی تین لہروں کا سامنا کیا۔

سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ پہلی لہر میں 5،دوسری لہرمیں 6 اور تیسری لہر میں 23 ڈرونز کو فضا میں تباہ کیا گیا،سعودی فضائی حدود میں آج تباہ کیے گئے ڈرونز کی تعداد 60ہوگئی۔

Monday, 16 March 2026 – 10:09 #
ابھی تک وہ میزائل استعمال نہیں کئے جو 2025 کے بعد تیار کیے تھے۔پاسداران انقلاب

ترجمان پاسداران جنرل علی محمد نے کہا کہ ابھی تک ایران وہ میزائل استعمال کر رہا ہے جو اس نے دس سال پہلے تیار کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ایران نے وہ میزائل استعمال نہیں کیے جو اس نے جون 2025 کے بعد تیار کیے تھے۔

پاسداران انقلاب ایران کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے تو کہا تھا کہ امریکا نے ایرانی بحریہ تباہ کر دی ہے اگر ایسا ہی ہے تو پھر ہمت کریں اور خلیج فارس میں امریکی بحریہ بھیج دیں۔

Monday, 16 March 2026 – 09:06 #
برطانیہ کا آبنائے ہرمز کی حفاظت کیلئے اتحاد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ

برطانیہ نے آبنائے ہرمز کی حفاظت کیلئے اتحاد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔

برطانوی اخبار کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے امریکی صدر کو انکار کردیا، برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ آبنائے ہرمز کی حفاظت کیلئے اتحاد کا حصہ بننے کےلیے بحری جہاز بھیجنے کیلئے تیار نہیں۔

اس سے قبل جاپان اور فرانس نے بھی اپنے جہاز آبنائے ہرمز بھیجنے کی صدر ٹرمپ کی درخواست مسترد کردی ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 08:00 #
دبئی ایئرپورٹ کے قریب آگ کی ویڈیو

دبئی ایئرپورٹ کے قریب آگ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ فیکٹ چیک سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حقیقی ویڈیو ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 07:33 #
آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت کیلئےکثیر ملکی اتحاد کا امریکی منصوبہ

ٹرمپ انتظامیہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت کیلئے کثیر ملکی اتحاد کا منصوبہ بنالیا۔

امریکی اخبار کے مطابق ‏ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے رواں ہفتے کے اوائل میں اس منصوبے کا اعلان متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق کئی ممالک نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو سکیورٹی دینے کے لیے اتحاد بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔

Monday, 16 March 2026 – 06:35 #
تل ابیب میں کلسٹر بم گرنے سے 3افراد زخمی

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ تلِ ابیب میں متعدد کلسٹر بموں میں سے ایک کے گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں

Monday, 16 March 2026 – 06:20 #
ایران میں ڈرون سازی کی صنعت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم ایران میں ڈرون سازی کی صنعت کو نشانہ بنا رہے ہیں،
اپنے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 7 ممالک سے آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران سے بات کر رہے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ تیار ہے۔ اسرائیل امریکہ کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Monday, 16 March 2026 – 05:52 #
تہران جنگ بندی مذاکرات کا خواہاں نہیں، عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران جنگ بندی مذاکرات چاہتا ہے، اور کہا ہے کہ ایران اپنا دفاع جاری رکھے گا۔

دوسری جانب امریکا کے توانائی کے وزیر کرس رائٹ نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ “آنے والے چند ہفتوں میں” ختم ہو سکتی ہے۔ ان کے اس بیان کو عالمی منڈیوں کو مطمئن کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی قومی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر کیوں ہیسٹ نے کہا کہ پینٹاگون کے اندازے کے مطابق یہ جنگ چار سے چھ ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔

امریکی اور اسرائیلی افواج کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور تہران، ہمدان اور اصفہان سمیت کئی شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پیر کی صبح بھی تہران پر حملے کیے گئے۔

ادھر ایران کی جانب سے بھی اسرائیل پر حملے جاری ہیں اور مختلف شہروں میں گرنے والے میزائلوں کے ملبے کے باعث زخمی ہونے اور نقصان کی اطلاعات ملی ہیں، جن میں تل ابیب بھی شامل ہے۔

خطے میں کشیدگی کے دوران راکٹوں اور ڈرونز کے ذریعے بغداد کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں امریکا کا سفارتی مشن موجود ہے۔

اسی دوران خلیجی ممالک نے اپنے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے متعدد ڈرون اور میزائل مار گرانے کی اطلاع دی ہے۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری حملوں کے باعث پورے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Monday, 16 March 2026 – 05:45 #
نیٹو کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے، ٹرمپ کی وارننگ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو اتحادی ایران کے معاملے میں امریکا کی مدد نہ کریں تو اتحاد کو “بہت برا مستقبل” درپیش ہو سکتا ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اتحادیوں کو آبنائے ہرمز کو کھولنے اور اسے محفوظ بنانے کے لیے امریکا کا ساتھ دینا چاہیے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ماضی میں اپنے اتحادیوں کی مدد کی، خصوصاً یوکرائن کے معاملے میں، حالانکہ وہ امریکا سے ہزاروں میل دور ہے۔

انہوں نے کہا “ہم نے ان کی مدد کی، اب دیکھتے ہیں کہ وہ ہماری مدد کرتے ہیں یا نہیں۔ میں طویل عرصے سے کہتا آیا ہوں کہ ہم ان کے لیے موجود ہوں گے، لیکن ضروری نہیں کہ وہ ہمارے لیے ہوں۔”

امریکی صدر نے برطانیہ کے مؤقف پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق جب امریکا نے اتحادیوں سے تعاون کا مطالبہ کیا تو برطانیہ نے فوری طور پر مدد فراہم کرنے میں ہچکچاہٹ دکھائی۔

ٹرمپ نے کہا کہ بعد میں جب ایران کی خطرناک صلاحیت کو بڑی حد تک ختم کر دیا گیا تو برطانیہ نے دو بحری جہاز بھیجنے کی پیشکش کی، لیکن ان کے بقول “ہمیں یہ جہاز فتح کے بعد نہیں بلکہ اس سے پہلے درکار تھے۔”

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ان کے خیال میں نیٹو اکثر اوقات “یک طرفہ راستہ” بن جاتا ہے جہاں امریکا زیادہ ذمہ داری اٹھاتا ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ اس ماہ کے آخر میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی مجوزہ ملاقات مؤخر کر سکتے ہیں، کیونکہ وہ چین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز کو کھولنے میں کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیجی خطے سے تیل پر زیادہ انحصار کرنے والے ممالک، خصوصاً چین اور یورپ، کو اس آبی راستے کے تحفظ میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

بریکنگ | Monday, 16 March 2026 – 05:40 #
دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی

دبئی میں حکام دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پیش آنے والے ایک مبینہ ڈرون واقعے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایئرپورٹ کے اطراف میں پیش آنے والے ڈرون سے متعلق واقعے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس پر متعلقہ ادارے فوری ردعمل دیتے ہوئے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔