گوادر کے علاقے جیونی میں مسلح افراد کا حملہ، کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار جاں بحق

نامعلوم مسلح افراد نے پانوان میں کوسٹ گارڈز کے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا

               
March 16, 2026 · قومی

بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے جیونی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے ایک واقعے میں کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

سرکاری حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے پانواں میں پیش آیا۔

رابطہ کرنے پر ایس ایس پی گوادر عطاالرحمان ترین نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے پانوان میں کوسٹ گارڈز کے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے میں کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت نائیک سلیم اور سپاہی عدنان جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت سپاہی عظیم کے نام سے ہوئی۔

زخمی اہلکار کو طبی امدادی کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔