پشاور میں دفعہ 144 نافذ: ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور پٹاخوں پر پابندی
پابندی 30 روز تک پابندی برقرار رہے گی ، خلافورزی کرنے والوں کو جیل ہوگی،انتظامیہ
فائل فوٹو
پشاور:ضلعی انتظامیہ پشاور نے رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر عوامی تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ان احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا جو اگلے 30 دنوں تک مؤثر رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور پٹاخوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ون ویلنگ، تیز رفتاری، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور ڈبل یا ہیوی سائلنسر والی بائیکس اور اسپورٹس گاڑیوں کے استعمال پر بھی روک تھام کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تفریحی مقامات، ڈیموں اور دریاؤں میں لائف جیکٹ کے بغیر تیراکی اور کشتیوں میں اوورلوڈنگ پر بھی پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔