کراچی میں طارق روڈ پر واقع شاپنگ سینٹر کی 2 دکانوں میں آتشزدگی

آگ پر قابو پانے کے دوران دو فائر فائٹرز دھوئیں سے متاثر ہو کر بے ہوش

               
March 17, 2026 · قومی

کراچی کے علاقے طارق روڈ پر واقع شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے کی تاحال وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق رات گئے طارق روڈ پر قائم کپڑوں کی مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے دوران دو فائر فائٹرز دھوئیں سے متاثر ہو کر بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

آگ کے باعث بیسمنٹ میں قائم دو سے تین دکانیں متاثر ہوئیں، متاثرہ دکانیں کپڑوں کی تھیں ، چیف فائر آفیسر ہمایوں کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق واقعے کے بعد مارکیٹ ایسوسی ایشن نے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا جبکہ بے ہوش ہونے والے فائر فائٹرز سکندر اور بلال کے لیے الگ سے دو، دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔