چہرے پر برف لگانے کا رجحان: فائدہ یا صرف عارضی تازگی؟

برف لگانے کے فوراً بعد جلد ٹائٹ، فریش اور چمکدار محسوس ہوتی ہے، جس کی وجہ سے یہ طریقہ خاص طور پر نوجوانوں میں مقبول ہو چکا ہے۔

               
March 17, 2026 · کائنات کے رنگ

سوشل میڈیا پر آج کل چہرے پر برف لگانے کا رجحان تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ بہت سے لوگ صبح اٹھتے ہی چہرے کی سوجن کم کرنے اور تازگی محسوس کرنے کے لیے برف استعمال کرتے ہیں۔ برف لگانے کے فوراً بعد جلد ٹائٹ، فریش اور چمکدار محسوس ہوتی ہے، جس کی وجہ سے یہ طریقہ خاص طور پر نوجوانوں میں مقبول ہو چکا ہے۔

ماہرین کے مطابق برف عارضی طور پر خون کی گردش کو بہتر بناتی ہے، مسام سکڑ جاتے ہیں اور سوجن میں کمی آ سکتی ہے۔ اسی وجہ سے میک اپ بھی نسبتاً ہموار نظر آتا ہے۔ تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ برف کو روزانہ یا زیادہ دیر تک براہِ راست جلد پر لگانا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ان کے مطابق زیادہ ٹھنڈک کی وجہ سے جلد کی نازک نسیں متاثر ہو سکتی ہیں، جس سے خاص طور پر حساس جلد میں لالی، جلن اور خشکی بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اگر چہرے پر دانے یا ایکنی ہوں تو برف کا غلط استعمال ان مسائل کو مزید بڑھا بھی سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر برف استعمال کرنی ہو تو اسے براہِ راست جلد پر لگانے کے بجائے کسی صاف کپڑے یا روئی میں لپیٹ کر استعمال کیا جائے اور اس کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ دو منٹ رکھا جائے۔ اس کے علاوہ اسے روزانہ کے بجائے ہفتے میں دو سے تین بار استعمال کرنا زیادہ مناسب سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق درست طریقے سے استعمال کرنے پر برف چہرے کی سوجن کم کرنے اور جلد کو وقتی تازگی دینے میں مدد دے سکتی ہے، تاہم اسے مستقل خوبصورتی کا راز سمجھنا درست نہیں۔