افغان طالبان کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا بے نقاب؛ کابل اسپتال حملے میں 400 ہلاکتوں کا دعویٰ جھوٹا نکلا

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کابل/اسلام آباد : افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے خلاف کیا جانے والا حالیہ گمراہ کن اور من گھڑت پراپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب ہو گیا ہے۔ عالمی میڈیا اور خود افغان صحافتی اداروں نے کابل کے ایک بحالی مرکز (اسپتال) پر حملے میں 400 افراد کی ہلاکت کے طالبان کے دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے حقیقت کے منافی قرار دے دیا ہے۔

افغان میڈیا، بشمول زویہ نیوز اور افغان ٹائمز نے تصدیق کی ہے کہ فضائی کارروائی کے مقام پر کسی بڑی تباہی یا خون کے نشانات نہیں ملے، جو طالبان کے بڑے جانی نقصان کے دعوے کی نفی کرتے ہیں۔

 افغان ٹی وی ٹولو نیوز کی رپورٹر نے اسپتال میں موجود عینی شاہدین سے بات چیت کے بعد بتایا کہ کابل سینٹرل اسپتال میں صرف 15 زخمی زیر علاج ہیں، جو 400 ہلاکتوں کے دعوے کے برعکس ہے۔ اقوام متحدہ کے مشن برائے افغانستان (UNAMA) نے بھی طالبان کے ان دعوؤں کی کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بحالی مرکز کے قریب لگی آگ معمولی نوعیت کی تھی، جو ممکنہ طور پر قریبی طالبان فوجی کیمپ پر حملے کے نتیجے میں لگی تھی۔

دفاعی اور عالمی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور عبرتناک شکست کے بعد افغان طالبان اپنی ہزیمت چھپانے کے لیے جھوٹ اور پراپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں۔