فیلڈ مارشل عاصم منیر کی علما سے ملاقات، اتحاد، برداشت اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف پر زور

ملاقات میں فرقہ واریت، گمراہ کن معلومات اور بیرونی اثرات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

               
March 19, 2026 · اہم خبریں

 

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علمائے کرام سے ملاقات میں قومی سلامتی، اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک میں امن و استحکام کے لیے علما کے مثبت کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں فرقہ واریت، گمراہ کن معلومات اور بیرونی اثرات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔

گفتگو کے دوران افغانستان کی صورتحال کا بھی ذکر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مذہبی جذبات کو تشدد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف سخت مؤقف اپنایا جائے گا۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں برداشت، یکجہتی اور اعتدال کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔